فوڈ فیسٹیول: فرائنگ پین پھٹنے سے ایک ہلاک، درجن سے زائد زخمی
9 ستمبر 2019نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق اتوار آٹھ ستمبر یہ فوڈ فیسٹیول جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ وائن ویسٹ فیلیا میں کولون شہر سے مشرق کی طرف واقع چھوٹے سے قصبے آلخن فروئڈن برگ میں جاری تھا کہ ایک سٹال پر رکھا ہوا ایک بڑا فرائنگ پین اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا، جب وہاں کافی زیادہ تعداد میں لوگ جمع تھے۔ منتظمین کے مطابق اس وقت اس میلے میں موجود افراد کی تعداد ڈیڑھ سو کے قریب تھی۔
فرائنگ پین پھٹنے سے ایک درجن سے زائد افراد جل کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک خاتون، جس کا جسم پوری طرح جل گیا تھا، پیر نو ستمبر کو اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی۔
طبی ذرائع کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے چھ افراد کی حالت نازک ہے۔ ان میں سے پانچ بری طرح جل جانے کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے جبکہ ایک شخص کو دھماکے کی شدت کے باعث موقع پر ہی دل کا دورہ پڑ گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ روایتی اشیائے خوراک کے اس میلے کے ایک سٹال پر جو کافی بڑا فرائنگ پین دھماکے سے پھٹا، اس میں ابلتے ہوئے تیل میں آلو کے چپس تیار کیے جا رہے تھے۔
اس بات کی چھان بین کی جا رہی ہے کہ یہ دھماکا کس وجہ سے ہوا۔ تفتیشی ماہرین کے بقول یہ امکان بھی ہے کہ یہ فرائنگ پین اس کے نیچے لگے گیس کے سلنڈر کی وجہ سے دھماکے سے پھٹ گیا ہو۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے کے بعد زخمیوں کو ایمرجنسی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ڈورٹمنڈ، کولون اور بوخُم کے شہروں کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جا ری ہے۔
اس دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر اتنے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے کہ ان میں سے 14 کو تو موقع پر ہی مرہم پٹی کر کے فارغ کر دیا گیا جبکہ باقی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
م م / ا ا / ڈی پی اے