وزیراعظم پر کرپشنز الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے، پولیس
2 دسمبر 2018اسرائیلی پولیس نے ملکی اٹارنی جنرل سے سفارش کی ہے کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اُن کی بیوی سارہ پر رشوت وصول کرنے، فراڈ اور اعتماد شکنی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرائیں۔ اسرائیلی پولیس نے ایسی سفارشات تیسری مرتبہ اٹارنی جنرل کو پیش کی ہیں۔
ان سفارشات پر اٹارٹی جنرل نے طے کرنا ہے کہ آیا عدالتی کارروائی شروع کی جائے۔ رواں برس فروری میں بھی پولیس نے اپنی تفتیش کے بعد بینجمن نیتن یاہو پر رشوت وصول کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ پولیس کے مطابق وزیراعظم ٹیلی کام ادارے بیزیق سے بھی خلاف ضابطہ رعایت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
پولیس کی تفتیش سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ بینجمن نیتن یاہو کے قابل اعتماد ساتھیوں نے ٹیلی کام ادارے بیزیق کو ضابطے کے منافی رعایت دے کر لاکھوں امریکی ڈالر کی مالی منفعت فراہم کی ہے۔ اس کے جواب میں اس مواصلاتی ادارے نے اپنی ویب سائٹ ’والا‘ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی غیر معمولی کوریج کی تھی۔
پولیس ملکی اٹارنی جنرل سے پہلے بھی سفارش کر چکی ہے کہ اُن کی تفتیش سے ثابت ہوا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے ایک ارب پتی دوست سے تحائف وصول کیے ہیں اور یہ اُن کے منصب کے منافی ہے۔ ایک اور الزام یہ عائد کیا گیا ہے کہ ایک اخبار کو غیر ضروری فائدہ فراہم کر کے انہوں نے غیر ضروری ذاتی تشہیر حاصل کی تھی۔
پولیس کی تجویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اُن کے خلاف رشوت وصول کرنے کے الزام لغو اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس کی جانب سے اُن کے خلاف سفارشات بہت پہلے ہی افشاء ہو چکی ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ اس سارے معاملے میں کچھ بھی نہیں ہے۔ نیتن یاہو کا یہ بھی کہنا ہے کہ انجام کار متعلقہ حکام پولیس کی سفارشات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس کو مسترد کر دیں گے جو یقینی طور پر اُن کے موقف کی تائید ہو گی۔